• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایسا لگ رہا ہے پیپلز پارٹی بہت بڑا کمپرومائز کرچکی ہے، شوکت یوسفزئی

سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ دو دن سے مسلسل پیپلز پارٹی پریس کانفرنس کر رہی ہے، ایسا لگ رہا ہےکہ پیپلز پارٹی بہت بڑا کمپرومائز کر چکی ہے، اس کا جمہوری چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے، ہمارا اصل مسئلہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہے۔

اپنے بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے کہتے تھے کہ وفاقی حکومت کا حصہ ہی نہیں لیکن اب ایسا لگ رہا ہے کہ بیگانی شادی میں عبداللّٰہ دیوانہ، کرپشن کی باتیں پیپلز پارٹی کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ نے بلاول پر بلین ڈالر کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا اس کا جواب دیں، آپ کارکردگی کی بات کرتے ہیں تو کراچی بی آر ٹی کو دیکھیں، 2021 میں وہاں بی آر ٹی شروع ہوئی، اب بینک کہہ رہا ہے کہ اپنا قرضہ واپس چاہیے، یہ اپنے گورنر صاحب کیلئے روزگار کی تلاش میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک بچے کے پیچھےکھڑی ہونے والی موروثی پارٹی بن گئی ہے، اسی وجہ سے پیپلز پارٹی کی سیاست پنجاب اور کے پی میں ختم ہوئی۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دہشتگردی تو 25 سال سے ہو رہی ہے، کونسی حکومت نے پولیس کو روکا ہے کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ نہ لڑے، پولیس صوبائی حکومت کی ہوتی ہے، ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سہیل آفریدی اپنی محنت اور سیاسی جدوجہد کی وجہ سے یہاں پہنچے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید