• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غوث الاعظم روڈ کی تعمیر و بحالی کیلئے 4 کروڑ 25 لاکھ روپے کا منصوبہ تیار

ملتان (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن ملتان نے خان پلازہ چوک سے ہائی کورٹ چوک تک غوث الاعظم روڈ کی خستہ حالی دور کرنے، سڑک کی تعمیر و بحالی‘ فٹ پاتھ اور اسٹریٹ لائٹس کی بہتری کیلئے 4کروڑ 25لاکھ 14ہزار روپے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ملتان نے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ حدود میں اجازت یا حدود کی توسیع کی درخواست کردی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق خان پلازہ چوک سے سیداں والا بائی پاس کے ذریعے ہائی کورٹ، ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ملتان ایونیو اور ڈی ایچ اے سے منسلک غوث الاعظم روڈ کا 0.42 کلومیٹر حصہ میونسپل کارپوریشن ملتان اور کینٹونمنٹ بورڈ ملتان کی حدود کے سنگم پر واقع ہے اور عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دستاویز کے مطابق کینٹونمنٹ بورڈ ملتان کی جانب سے مذکورہ سڑک کی ترقی و بحالی کے لیے ناکافی بجٹ کی نشاندہی کی گئی، تاہم بعد ازاں ایڈیشنل کینٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ملتان نے میونسپل کارپوریشن کو خان کمپیوٹر پلازہ سے پی ایس او پٹرول پمپ چوک تک سڑک کی مرمت، بحالی اور اپ گریڈیشن کیلئے این او سی فراہم کیا۔ ہائی وے ڈویژن ملتان کے ایگزیکٹو انجینئر نے مجوزہ منصوبے کا تخمینہ 42.514 ملین روپے مقرر کیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت سڑک‘ فٹ پاتھ اور اسٹریٹ لائٹس کی مربوط بحالی سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی آمدورفت بہتر ہوگی ۔
ملتان سے مزید