ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ویڈیو لنک اجلاس میں طلبہ کی ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، ہیلمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ’’ذمہ دار طلبہ، زندگی سے پیار‘‘ مہم اور پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک اتھارٹیکے متعارف کردہ مضمون ’’پنجاب سِوک سینس اینڈ لائف سکلز‘‘ کے عملی نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز‘ محکمہ تعلیم کے افسران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں موٹر سائیکل پر آنیوالے طلبہ کا ڈیٹا 15 روز میں مرتب کیا جائے، جس میں بغیر لائسنس اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے طلبہ کی الگ نشاندہی کی جائے، متعلقہ ادارے والدین کو تحریری طور پر آگاہ کریں اور انہیں بچوں کیلئے ہیلمٹ کی فراہمی اور ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے سات روز کی مہلت دیں ،طلبہ کو لائسنس کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کیلئے بڑے سکولوں اور کالجوں میں خصوصی کیمپس لگانے پر غور کیا جائے، جبکہ ہیلمٹ خریدنے کی استطاعت نہ رکھنے والے طلبہ کی معاونت کیلئے مخیر حضرات اور کاروباری برادری کا تعاون حاصل کیا جائے، کمشنر نے کہا کہ پیکٹا کے متعارف کردہ ’’پنجاب سِوک سینس اینڈ لائف سکلز‘‘ مضمون کا مقصد طلبہ میں ذمہ دار شہری بننے کی صلاحیت، اخلاقی اقدار، قانون کی پاسداری اور عملی زندگی کیلئے ضروری مہارتیں پیدا کرنا ہے، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے افسران اسکولوں کے دوروں کے دوران اس مضمون کی تدریس کا جائزہ لیں اور طلبہ کی عملی تربیت کو یقینی بنائیں،انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں مناسب جگہ دستیاب ہو، وہاں اسکولوں میں مختصر تربیتی سڑکیں، زیبرا کراسنگ، فٹ پاتھ اور ٹریفک سگنلز جیسے عملی انتظامات کیے جائیں تاکہ بچوں کو ٹریفک قوانین کی تربیت دی جا سکے۔