• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی یونیورسٹی کی طالبہ کی مبینہ خودکشی، لرزہ خیز حقائق کا انکشاف

اسلام آ باد ، راولپنڈی ( طاہر خلیل ،حافظ وسیم اختر/ سٹاف رپورٹر) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کیس میں لرزہ خیز حقائق کا انکشاف ، تھانہ رمنا کے علاقہ میں گلستان پلازہ کی رہائشی    گولڈ میڈلسٹ طالبہ  لائبہ اعجاز دختر محمد اعجاز نےنعمان نامی مبینہ ایجنٹ کو بیرون ملک یونیو رسٹی میں داخلے کیلئے 50 لاکھ روپے اوربھائی کی نوکری کیلئے 5 لاکھ روپے دیے، ملزم خود کو کبھی سپریم کورٹ کا ملازم ، کبھی سرکاری افسر بتاتا تھا، تاہم جب تمام دستاویزات جعلی نکلیں تو لائبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئیں ، بعدازاں اتوار بازار کے قریب ٹریفک پولیس کی پرانی چوکی کے ساتھ گرین بیلٹ سے اس کی لاش ملی ، ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس کی حتمی تفتیش کا انتظار ہے،ادھر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ کی امریکا جانے کے فراڈ نے جان لی، ڈائریکٹر ایف آئی اے نے طالبہ کے والدین سے بھی ملاقات کی ہے۔طلال چوہدری کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ لائبہ اعجاز نے اسلامی یونیورسٹی سے فزکس میں بی ایس کی ڈگری حاصل کی تھی اور وہ ہارورڈ یونیورسٹی سے فزکس میں ایم ایس کرکے سائنسدان بننے کی خواہش رکھتی تھی،ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد شہزاد بخاری کا کہنا ہے لائبہ نے 12 اکتوبر کو ہارورڈ میں ایڈمیشن کی خبر کا سرپرائز فیملی کو دینا تھا،لائبہ نے 2 روز قبل ہارورڈ کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ چیک کروایا تو جعلی نکلا، طالبہ لائبہ نے آخری میسیج اپنے ماموں کو کیا ، واقعے کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد شہزاد بخاری نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، وہ لائبہ کے لواحقین کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے والدین سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی ، شہزاد بخاری نے بتایا کہ لواحقین سے واقعے کی تمام تفصیلات حاصل کر کے ان سے تحریری درخواست لے لی گئی ، اس مقدمے کو ایک ٹیسٹ کیس بنایا جائے گا، معاملہ سنجیدہ ہے، ایف آئی اے انکوائری کر رہی ہے، انکوائری کے بعد مقدمہ درج ہوگا،ملزم کی تلاش اور گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اہم خبریں سے مزید