پشاور(لیڈی رپورٹر)وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان اور پاکستان مسلم لیگ نواز شریف کے صوبائی صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے بعد مرکز اور خیبر پختون خوا ایک پیج پر آگئے ہیں۔ صوبے میں 13 سال حکومت کرنے والی پاکستان تحریک انصاف کے جانے کے بعد خیبر پختون خوا میں کہیں سے مذمت اور جلسے جلوسوں کی آواز نہیں آئی لوگوں نے پی ٹی ائی کا دور حکومت ختم ہونے پر مٹھایاں تقسیم کیں اور بھنگڑے ڈالے۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت اگیا ہے کہ ایڈوائزری کونسل لوٹ مار، کرپشن کرنے والوں اور دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے والوں کے احتساب کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے سرکاری خزانے کو ایک قیدی کی چھڑانے کے لیے استعمال کیا اور سرکاری وسائل کو جلسے جلوسوں کے لیے استعمال کرتے ہوئے مرکز پر چڑھائی کرنے کی کوشش کی۔۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو تحفظ اور لوٹ مار اور کرپشن پی ٹی آئی کا شیوہ بن گیا تھا اس وجہ سے ان کے جانے کے بعد لوگوں نے سکون کا سانس لیا اور آج یوم نجات منا رہے ہیں۔