• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن و امان خراب کرنے والے سےسختی سےنمٹا جائے، کے پی پولیس افسران کوہدایات جاری

پشاور (کرائم رپورٹر) خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے میں جاری لانگ مارچ کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے ممکنہ ہنگامہ آرائی اور پر تشدد مظاہروں کے پیش نظرپولیس افسران اور اہلکاروں کو تحریری آپریشنل ہدایات جاری کر دی ہیں اور قراردیاہے کہ ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں ملوث عناصر سے قانون کے مطابق انتہائی سختی سے نمٹا جائے ۔پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خاص طور پر احتجاجی مظاہروں میں ڈیوٹی سرانجام دیں تاکہ پبلک سیفٹی کو یقینی بنایاجاسکے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ اس ضمن میں آئی جی پولیس ذوالفقار حمید کے دفتر سے جاری مراسلہ کے مطابق کسی بھی ہنگامہ آرائی یا احتجاج کے دوران سرکاری تنصیبات، عمارتوں اور املاک کو کسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پولیس افسران کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ اسلحہ سمیت گیس گن ، گیس شیل کے ساتھ لیس رہیں جبکہ عوام کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی غیرقانونی اجتماع، پرتشدد سرگرمی یا اشتعال انگیزی کا حصہ بننے سے گریز کریں، بصورتِ دیگر قانون کے مطابق سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔مراسلہ کے مطابق امن و امان میں خلل ڈالنے، سیکورٹی فورسز یا عمارتوں پر حملے کرنے یا شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔شہری پرامن رہیں اور قانون کی پاسداری کریں اور شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ پولیس اسٹیشنز، سرکاری عمارتوں، بینکوں، پیٹرول پمپس، تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں کے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
پشاور سے مزید