پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر معدنیات ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور ان وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معدنیات و کان کنی کے شعبے میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ معدنیات کے شعبے کی ترقی اور محکمہ جاتی امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس شعبے کو روایتی طریقہ کار سے نکال کر تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا، جبکہ سرکاری امور کو بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ معدنیات کی کارکردگی بہتر بنانے، صوبے کے معدنی وسائل کے مؤثر استعمال اور اس اہم شعبے کو معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی، غفلت یا عدم ذمہ داری پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور محکمہ جاتی امور میں شفافیت، مستعدی اور بروقت پیش رفت کو یقینی بنایا جائے گا۔