• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متھرا میں سابقہ دشمنی پر فائرنگ سے ایک بھائی قتل 2 زخمی ہوگئے

پشاور (کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے متھرا میں سابقہ دشمنی پرملزموں نے فائرنگ کرکے ایک بھائی کو قتل جبکہ 2کو زخمی کردیا ہے ،جیل روڈ پر ٹریفک حادثہ میں شہری جاں بحق ہوگیا ۔ قتل کا واقعہ گجرڈھنڈشیر برج کیٹ کالج روڈ پر پیش آیا ہے جہاں مدعی راحت اللہ ولد حاجی خان سکنہ ملاگوری نے بتایاکہ وہ اپنے بھائیوں ظاہر خان اور زاہد اللہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر ماربل فیکٹری میں کام کرنے کیلئے جارہے تھے اس دوران مسلح ملزمان نے انہیں دیکھتے ہی فائرنگ کردی جس سے ظاہر اور وہ گولیاں لگنے سے شدیدزخمی ہوگئے۔ تینوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ظاہر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مجروح راحت نے فائرنگ کی دعویداری ملزمان اخترنواز، عرفان اورفورمین ساکنان ملاگوری پر کرتے ہوئے بتایاکہ ان کی ملزموں کے ساتھ سابقہ دشمنی چلی آرہی ہے ۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ ادھر شرقی پولیس سٹیشن کی حدود جیل روڈ پر ٹریفک حادثہ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ محمد اشفاق نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی محمد اسحاق ولد شمشاد خان 28 ستمبر 2026 کو اپنے موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اسی دوران جیل روڈ پر تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدیدزخمی ہوگیا جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔واقعہ کے بعد غفلت کا مرتکب ڈرائیورفرار ہوگیا۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے ملزم ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے ۔
پشاور سے مزید