پشاور(جنگ نیوز)وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا ارشد ایوب خان نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر صوبہ بھر کے تمام اساتذہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک پیغام میں صوبائی وزیر نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر تمام اساتذہ کے فروغ تعلیم کے لئے ان کی لگن، عزم اور محنت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ ایسی روشنی ہیں جو بچوں کو روشن مستقبل کی طرف لے جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شعبہ درس و تدریس صرف پیشہ نہیں بلکہ ایک مشن ہے، اس مشن کے تحت اساتذہ کرام طلبہ کی کردار سازی اور قو موں کی تعمیر کے ساتھ ایک روادار،علم کے زیور سے آراستہ اور خوشحال معاشرہ تخلیق کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھے استاد کی قدر و خدمت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کیوں کہ اس کی محنت کے اثرات نسلوں تک باقی رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے اساتذہ باعث فخر ہیں اور صوبے میں تعلیمی انقلاب لانے میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ ارشد ایوب خان نے کہا کہ صوبائی حکومت اساتذہ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود، تربیت اور پیشہ ورانہ وقار کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔اساتذہ ہی حقیقی معمار قوم ہیں اور ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ اساتذہ کرام درس و تدریس کے اس مقدس مشن کو اسی طرح بہتر انداز سے جاری رکھیں گے۔