ایران میں سیرک کے ساحل کے قریب کشتی پر امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 ماہی گیر زخمی ہو گئے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر جنرل برائے سیاسی و سماجی امور احمد نفیسی نے بتایا کہ ماہی گیر کی کشتی کو مبینہ طور پر امریکی ڈرون کے حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
صوبائی گورنر جنرل کے دفتر کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم 3 ماہی گیر زخمی ہیں۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد متعلقہ اداروں کے تعاون سے سیرک کاؤنٹی کے اسپتال کو زخمیوں کے علاج کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ایمبولینس بھی روانہ کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور متعلقہ ادارے اس معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں، مزید تفصیلات سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔