اسلام آباد (زبیر قصوری): پاکستان رگبی یونین کی خواتین کی نمائندہ شیرین حنا اصغر نے کہا ہے کہ جامعات میں خواتین کی رگبی کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں کو بہتر تربیتی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تعلیمی اداروں، سرکاری محکموں اور نجی شعبے سے رابطے بڑھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو سال کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں جامعات کی سطح پر خواتین کی رگبی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ حالیہ ملاقات میں مس طاہرہ نے انہیں متعلقہ دستاویز دکھائی، جس کے مطابق یو ایم ٹی نے 17 جنوری کو خواتین کے رگبی ایونٹ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس پیش رفت سے خواتین کھلاڑیوں کے لیے دیرپا مواقع پیدا ہوں گے۔شیرین حنا اصغر نے بتایا کہ راولپنڈی میں رگبی گراؤنڈ کے حصول کے لیے متعلقہ انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے، جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں رگبی گراؤنڈ کی بحالی کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔