کراچی (اسٹاف رپورٹر) پنڈی میں دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں کی غیر معمولی کارکردگی کے بعدڈرائیونگ سیٹ پرہے، وہ میچ اور سیریز جیتنے کی طرف پیش قدمی کررہی ہے۔ دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر سری لنکا کی ٹیم کو اننگز شکست کا سامنا ہے۔ اس نے دوسری اننگز میں تین وکٹ پر74رنز بنائے تھے۔ اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 153 رنز درکارہیں۔ ثاقب خان، رضا اللہ اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ وکٹ کیپرغازی غوری نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی اوراب تک میچ کی واحد نصف سنچری اسکور کی ۔ غازی نے90 گیندوں پر54، جبکہ رضا اللہ نے 32 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے ۔ پاکستان ٹیم دوسرے سیشن میں 227 رنز کی برتری کے ساتھ 325 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ آخری تین وکٹوں نے 104 رنز کا اضافہ کیا۔ لاہیروکمارانے پانچ وکٹ لیے۔غازی غوری اور رضا اللہ نے نویں وکٹ پر 56 رنز بنائے۔ نائٹ واچ مین ثاقب خان37، سعود شکیل 24، سلمان آغا 21 اور عامر جمال نے12 رنز بنائے۔ کمارا نے اذان اویس کو گذشتہ روزکے اسکور 47 پر ہی وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کروایا۔ اس کے بعد سعود شکیل کو ایک شاندار گیند پر آؤٹ کیا۔ ثاقب خان نے 37 رنز کی بہادرانہ اننگز کھیلی۔ ثاقب اور شکیل نے 57 رنز کی شراکت قائم کی ۔ کمارا نے ثاقب اور لنچ سے قبل اسیتھا نے سلمان آغا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔