پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں، پاک فوج ہماری ہے اور ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، ہم آئین، جمہوریت اور عوامی حقِ رائے دہی کے ساتھ ہیں۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دہشتگردی کی پشت پناہی کا الزام مسترد کرتے ہیں، ایسے الزامات کے بین الاقوامی سطح پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ الزام واپس لینا حکومت کے اپنے مفاد میں ہوگا، ہم پاکستان کے آئین، جمہوریت اور عوامی حقِ رائے دہی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک ملاقات کے خوف سے پوری صوبائی حکومت ختم کر دی گئی، ایمرجنسی، گورنر راج نافذ کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔