امریکی صدر، ڈونلڈٹرمپ نے رواں ماہ کے آغاز میں اعلان کیا کہ رُوس اور یوکرین ایک دوسرے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے روکنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں اسے ’’عارضی جنگ بندی‘‘ کہا جا سکتا ہے، کیوں کہ گزشتہ برسوں کے دوران ایک دوسرے کی توانائی کی تنصیبات ہی یوکرین اور رُوس کا بنیادی ہدف رہی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اس اعلان نے دُنیا بَھر کے ذرائع ابلاغ کی توجّہ اپنی جانب کھینچ لی۔ یوکرین، روس جنگ شروع ہوئےاب پانچ سال سے زیادہ عرصہ بِیت چُکا ہے۔ فروری 2021ء میں رُوسی صدر، ولادیمیرپیوٹن نے یوکرین پر حملہ کرنے کا حُکم دیا تھا اور وہ اِس وقت بھی یہ جنگ جاری رکھنے پر مُصر ہیں۔
یوکرین جنگ میں گزشتہ پانچ سال میں تقریباً ساڑھے چھے لاکھ افراد ہلاک ہوچُکے ہیں۔ اس میں بڑی تعداد رُوسی باشندوں کی ہے، جو تقریباً پانچ لاکھ سے زائد ہے، جب کہ یوکرین کے سوا لاکھ شہری لقمۂ اجل بن چُکے ہیں۔ اس طرح اگر دیکھا جائے، تو یہ شام جنگ کے بعد اس صدی کی سب سے خُوں ریز جنگ ہے۔
شام کی جنگ میں بھی رُوس نے دو سال تک شامی شہریوں پر بِلا روک ٹوک بم باری کی تھی لیکن پھر بھی کام یاب نہ ہو سکا اور اس جنگ میں اپنے حلیف، بشارالاسد کی شکست کے بعد مشرقِ وسطی میں اپنا آخری فوجی اڈا خالی کر کے اپنے دوست کو سیاسی پناہ دے چُکا ہے۔
بہرکیف، امریکی صدر کے اس اعلان کے بعد ’’انرجی سیزفائر‘‘ کا مقصد اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ٹرمپ کا اعلان اپنی جگہ لیکن ایک طرف اس کا فوری اثریا ردِعمل سامنے نہیں آیا اور دوسری جانب رُوس کی جانب سے حملوں میں کمی بھی نہیں آئی، جس کے نتیجے میں شکوک و شُبہات اور کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ معاہدے کی نوعیت کیا ہے، کیوں کہ ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹیلی فون پر طویل بات چیت کے بعد یہ سیزفائر ہوا۔
گرچہ دو بڑی طاقتوں کے سربراہان کے ایسے اعلانات نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں لیکن ولادیمیر زیلنسکی کا، جو کہ یوکرین کےصدراورمتاثرہ فریق ہیں، مؤقف بھی خاصا اہم ہے، کیوں کہ جنگ بندی اُن کے مُلک میں ہونی ہے۔ پھر یہاں یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ پانچ سال کی جنگ کی تباہی حادثاتی تھی یا یہ سب پیوٹن کی سوچی سمجھی حکمتِ عملی کا حصّہ، کیوں کہ پانچ سال بعد سیزفائر کی بات اور وہ بھی صرف توانائی کے شُعبے کی حد تک، سمجھ سے بالاتر ہے۔
اِسے کسی بھی طور پر مکمل جنگ بندی نہیں کہا جا سکتا، بلکہ یہ تو صرف توانائی کی تنصیبات محفوظ رکھنے کا طریقہ ہے اور کیا دونوں ممالک کے عوام اور شہروں کی کوئی اہمیت نہیں۔ یہاں یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ اس سے کس کو فائدہ ہوگا؟ کیا اس معاہدے سے ایک عام آدمی کی جان محفوظ ہوجائے گی؟ یہ جنگ بندی ہے یا کوئی کمرشل ڈِیل؟
کاروبار جاری رکھنے یا توانائی کی قیمت کم کرنے کا مقصد کیا ہے؟ پھر یہ سوال بھی جنم لیتا ہے کہ اس معاہدے کی درخواست یوکرین نے کی تھی یا یورپی ممالک نے کہ جو اس تنازعے کےاہم ترین فریق ہیں اور یوکرین جنگ کو ’’یورپ کی جنگ‘‘ قرار دیتے ہیں۔ نیز، اس ضمن میں ان کا کیا مؤقف ہے؟
صدر ٹرمپ نے یہ اعلان تو کر دیا کہ توانائی کی تنصیبات پر حملے روکنے پر فریقین نے اتفاق کر لیا ہے، لیکن اس معاہدے کی، جو دو بڑی طاقتوں کے درمیان ہوا، ایک بھی شِق سامنے نہیں آئی اور اگر کچھ عرصے بعد معاہدے کی تفصیلات سامنے لائی جاتی ہیں، تو کیا اُس وقت تک ہونے والے نقصانات کا ازالہ ہوسکے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فریقین حملے روکنے پرآمادہ ہوگئے ہیں، جب کہ یوکرین کے صدر، زیلنسکی کا مؤقف یہ ہے کہ یوکرین رُوس کی توانائی کی تنصیبات پر حملے روکنے پرآمادہ ہے، بشرطیکہ دوسرا فریق یعنی رُوس بھی ایسا ہی کرے۔ تاہم، رُوس نے اس معاہدے کی تصدیق نہیں کی بلکہ رُوسی وزیرِ خارجہ، سرگئی لاروف نے تو یہ تک کہہ دیا کہ یوکرین پر حملوں میں کسی قسم کا وقفہ نہیں آنا چاہیے۔ دوسری طرف اعلان کےدوسرے ہی روزیعنی بارہ اکتوبر کویوکرین نے رُوسی حملوں کی اطلاع دی۔
اگر فریقین میں انرجی سیزفائر ہوجاتا ہے، تو اس میں کوئی شک نہیں کہ یوکرین پر، جو رُوس سے چارگُنا چھوٹا مُلک ہے، خاصا فرق پڑے گا، کیوں کہ اس وقت اُسے بجلی سمیت دیگر صُورتوں میں توانائی کی کمی کا سامنا ہے۔ اگر توانائی کی تنصیبات پر حملے روک دیئے جاتے ہیں، تو صرف بجلی گھروں ہی میں نہیں، عام شہریوں کے لیے بھی بجلی کی سپلائی مستحکم ہوگی۔ گھروں، اسپتالوں، کاروباری مراکز اور سرکاری دفاتر میں کام میں پڑنے والے خلل میں کمی آئے گی۔
نیز، رُوس سے اس کی ریفائنریز، ایندھن کے ذخائر اور برآمدی تنصیبات کو تحفّظ مل سکے گا۔ اطلاعات کے مطابق اس وقت رُوس کو دو اقسام کے دباؤ کا سامنا ہے، جن میں توانائی کی تنصیبات کا متاثر ہونا اور اقتصادی پابندیاں شامل ہیں۔ کریملن کو مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے دوران سستا تیل بیچنے کے وجہ سے وافر آمدنی حاصل ہوئی اور شاید اسی لیے اس کی خواہش ہے کہ اس کے حلیف، آبنائے ہُرمز اور باب المندب بند ہی رکھیں، کیوں کہ اس طرح اس کا تیل فروخت ہوتا رہے گا۔
آج پاکستان سمیت ہر مُلک یہ کہتا ہے کہ رُوس سے سستا تیل خریدا جائے، لیکن کوئی یہ نہیں سوچتا کہ ایک جانب وہ یوکرین جنگ کے خاتمے کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف رُوس سے تیل کی خریداری کی حمایت کرتے ہیں، حالاں کہ تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والے سرمائے ہی سے رُوس یوکرین جنگ کو طول دے رہا ہے اور اسی سبب گزشتہ پانچ برس سے زائد عرصے سے یہ جنگ جاری ہے اور پھر ویسے بھی رُوس طویل جنگوں کا ریکارڈ رکھتا ہے۔
مثال کے طور پر افغانستان کی پہلی جنگ نے مغربی اور جنوبی ایشیا کو غیر مستحکم کیا، جب کہ پاکستان کی معیشت تو اب تک تباہ حال ہے۔ دوسری جانب اس جنگ کے بعد مُلک میں شروع ہونے والی دہشت گردی کی لہر تاحال برقرار ہے۔ یہ افغان جنگ تقریباً پندرہ سال تک جاری رہی۔
نتیجتاً، سوویت یونین کو شکست ہوئی اور وہ سِمٹ کر رُوس تک محدود ہو کر رہ گیا۔ ایسی ہی خُوں ریز جنگ میں رُوسی صدر، پیوٹن نے اپنے سابق شامی ہم منصب، بشارالاسد کی حمایت کی، وہاں دو سال تک شدید بم باری کی اور گیارہ سال تک کے لیے پورے مشرقِ وسطیٰ کو دشمنی کی آگ میں جھونک دیا۔
بدقسمتی سے ہمارے مُلک میں غزہ اور ایران کی جنگیں تو سب کو یاد ہیں، لیکن کسی کو وہ پانچ لاکھ سے زائد شامی شہری یاد نہیں کہ جنہیں رُوس، ایران اور اس کی ملیشیاز نے مل کر ہلاک کیا۔ دوسری جانب یورپ میں تارکینِ وطن کا سیلاب آگیا اور اب وہاں مسلمان تارکینِ وطن کے خلاف باقاعدہ مُہم شروع ہو چُکی ہے اور ان سے نفرت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ سب شامی جنگ ہی کا شاخسانہ ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ شام میں پانچ لاکھ سے زائد شہریوں کے قاتلوں اور ایک کروڑ افراد کو بےگھر کرنے والوں کے خلاف کسی بین الاقوامی کریمنل کورٹ میں کوئی مقدمہ نہیں چلا اور اس خانہ جنگی کے کرتا دھرتا نہایت آرام و سُکون سے اپنے خاندان اور دولت کے ساتھ رُوس کی مہان نوازی کا لُطف اُٹھا رہے ہیں۔
گرچہ ’’انرجی سیزفائر‘‘ کچھ پیچیدگیوں کا شکار اورنہایت محدود معاہدہ ہے، لیکن یہ جنگ بندی کی شروعات کے لیے پہلا قدم ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ معاہدہ نیٹو کے مقبوضہ علاقوں، یوکرین کی سلامتی اور مستقل امن کا احاطہ نہیں کرتا۔ ایسے میں یوکرین کےلیے لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی سلامتی کی ضمانتیں حاصل کرے، کیوں کہ اگر وہ اس ضمن میں ناکام ہو جاتا ہے، تو پھر رُوس کے خلاف جنگ میں اسے ملنے والی کام یابیاں رائیگاں جائیں گی اور رُوس کو موقع مل جائے گا کہ وہ اپنی افواج بالخصوص معیشت دوبارہ مستحکم کرسکے۔
یاد رہے، پانچ سال کے طویل عرصے سے جاری جنگ کسی بڑی عالمی طاقت کے لیے بھی ایک دلدل سے کم نہیں ہوتی۔ گرچہ رُوس آبادی اور وسائل کے اعتبار سے ایک بڑا مُلک ہے، لیکن ہے تو یورپ کے خطّے میں اور وہ اتنے طویل عرصے تک اپنے پڑوسیوں کی دُشمنی مول نہیں لے سکتا۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس کے توانائی کے زیادہ تر وسائل یورپ میں فروخت ہوتے ہیں اور اگر یورپ اس سے منہ موڑ لیتا ہے، تو کیا پھر ماسکو ہمیشہ کے لیے عالمی مارکیٹ سے35 فی صد کم ریٹ پرتیل فروخت کر کے اپنے عوام کا معیارِ زندگی برقرار رکھ سکے گا؟
کیا عوام کی ناراضی کی صُورت میں اُسے گزشتہ صدی کی افراتفری کی صُورتِ حال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا؟ کیا رُوس اپنے عوام کو وہ معیارِ زندگی دے سکے گا، جو یورپ کے عوام کو میسّر ہے، جو اس کا پڑوسی ہے۔ یاد رہے، اس سے قبل بھی سوویت یونین بکھرنے کی ایک بڑی اور بنیادی وجہ یہی تھی کہ پہلی افغان جنگ اور یورپ میں واقع سوویت ریاستوں میں بغاوت کے بعد سوویت یونین دیوالیہ ہوگیا تھا۔
اس بات کو بھی مدِ نظر رکھنا ضروری ہے کہ یوکرین جنگ میں فریقین کا بےتحاشا جانی و مالی نقصان ہوا۔ پانچ سال سے جاری اس جنگ کے دوران مجموعی ہلاکتوں کی تعداد سوا چھے لاکھ سے زائد ہوچُکی ہے۔ اگرغورکیا جائے، تو شام، یمن، ایران، غزہ یا کسی بھی جنگ میں حالیہ برسوں میں اتنی ہلاکتیں نہیں ہوئیں۔
یوکرین نسبتاً چھوٹا مُلک ہے اور اسی وجہ سے وہاں ہلاکتیں بھی کم ہوئیں، جب کہ رُوس میں زیادہ ہلاکتوں کے سبب نہ صرف اس کے عالمی طاقت کے تاثر کو نقصان پہنچا بلکہ وہ عالمی اسٹیج پر اپنا مؤثر کردار ادا کرنے سے بھی قاصر رہا اور اس کا اندازہ حالیہ ایران جنگ سے لگایا جاسکتا ہے کہ جس میں رُوس بیانات تو بہت دیتا رہا لیکن نہ تو وہ امریکی پابندیوں سے صرفِ نظر کر کے ایران کی کوئی ٹھوس مدد کرسکا اور نہ ہی سفارتی سطح پر کوئی غیرمعمولی پیش رفت۔ اس سے یقیناً ایران کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہوگی اور اسے اس بات پر غور کرنا پڑے گا کہ کیا آئندہ رُوس پر بھروسا کیا جاسکتا ہے؟
اگربغور جائزہ لیا جائے، تو انرجی سیزفائر کے مختلف مضرّات ہوسکتے ہیں۔ پہلا یہ کہ جنگ جاری رکھنے کی قیمت جانی و مالی دونوں اعتبار سے زیادہ ہے۔ تباہ حال معیشت اور انسانی جانوں کا زیاں فریقین کو مجبور کرتے ہیں کہ وہ جنگ بند کر دیں، چاہے وہ عارضی ہی کیوں نہ ہو تاکہ عوام بھی سکون کا سانس لے سکیں۔ ہمارے ہاں ان دِنوں یہ بات عام ہو چُکی ہے کہ امریکا میں ٹرمپ کی مقبولیت کم ہو رہی ہے، کیوں کہ امریکی عوام جنگ نہیں چاہتے۔
تو کیا رُوس اور یوکرین کے عوام بھی جنگ سے عاجز نہیں آگئے؟ پانچ سال کوئی معمولی عرصہ نہیں ہوتا۔ انرجی سیزفائر اہمیت کا حامل ہے، کیوں کہ رُوس اور یوکرین دونوں ہی انرجی کے ایکسپورٹرز ہیں، جب کہ رُوس کی معیشت کی بنیاد ہی گیس اور تیل ہے، لیکن ہمیں یہ بھی نہیں بُھولنا چاہے کہ جنگ کا فیصلہ زمین پر ہوتا ہے۔ مطلب، میدان میں کیا ہورہا ہے اور تب بڑے بڑے رہنماؤں کی حیثیت بھی ثانوی ہوجاتی ہے۔
علاوہ ازیں، ٹرمپ اور پیوٹن کا ایک دوسرے پراعتماد اپنی جگہ لیکن، یوکرین کی جنگ اب بہت پھیل چُکی ہے۔ یورپ نے تو جنگ کے آغاز ہی میں کہہ دیا تھا کہ یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ پر سب سے بڑا حملہ ہے، تو اب یہ کیسے ممکن ہےکہ یورپ کو نظرانداز کرکے ٹرمپ صرف اپنے مُلک کے مفادات کی خاطر اپنی مرضی کی شرائط پر جنگ بندی کروائیں۔
ایران، جنگ میں وہ ایسی ہی صُورتِ حال کا سامنا کرچُکے ہیں۔ انہوں نے اپنے یورپی حلیفوں پر خاصی لعن طعن کی تھی کہ انہوں نےامریکا کی مدد نہیں کی، جب کہ اس موقعے پر فرانس، اٹلی، اسپین اور برطانیہ نے تو یہ تک کہہ دیا تھا کہ یہ ہماری جنگ نہیں ہے۔ ایک اور اہم بات یہ ہے کہ جنگ بندی انسانی مشکلات تو کم کرسکتی ہے، لیکن سیاسی تنازعات ختم نہیں کر سکتی۔ پیوٹن نے جب یوکرین پر حملہ کیا تھا، تو انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ رُوسی زبان بولنے والے علاقے یوکرین سے الگ ہوجائیں گے۔ اس سے پہلے وہ کریمیا پر بھی قبضہ کر کے اسے رُوس کا حصّہ بنا چُکے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے پاس اب صرف دو سال باقی بچے ہیں اور اس میں سے ایک سال تو الیکشن کا سال ہوگا، تو کیا وہ اتنا بڑا تنازع ختم کرواسکیں گے۔ دوسری جانب رُوسی صدر بین الاقوامی سیاست کے ایک منجھے ہوئے کھلاڑی ہیں۔ وہ کسی عارضی بندوبست کو تو قبول کر سکتے ہیں لیکن جلد بازی میں اتنی طویل جنگ کے ثمرات کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، جب کہ وہ کُھلے عام کہتے ہیں کہ اُن کا مقصد رُوس کی عظمتِ رفتہ بحال کرنا ہے۔
انرجی سیزفائر کی ایک بڑی وجہ یہ بتائی گئی ہےکہ ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ایک سمجھوتا ہوا ہے، جس کے تحت مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ ڈیزل لایا جائے گا تاکہ خاص طور پر امریکی صارفین کو تیل کی بڑھتی قیمتوں سے نجات ملے۔ ناقدین کے مطابق اس معاہدے کا فوری تعلق امریکا میں ہونے والے مڈٹرم الیکشن سے بھی ہے، لیکن کیا اس جنگ بندی کا فائدہ ساری دُنیا کو بھی پہنچے گا، بالخصوص یورپ اور چین کو کہ جو ڈیزل کے بڑے صارف ہیں۔
ایسا لگتا ہے کہ اب ہر فریق کے جنگ بندی کے، چاہے وہ دیرپا ہوں یا عارضی، اپنے مقاصد ہیں۔ یوکرین کی اوّلین ترجیح اپنی آبادی کی حفاظت اور خُود مختاری کا تحفّظ ہے تاکہ اُسے اپنے علاقے رُوس کے حوالے نہ کرنے پڑیں، جب کہ رُوس کا بنیادی سوال یہ ہے کہ جس مقصد کے لیے اُس نے یوکرین پرحملہ کیا اور پانچ لاکھ افراد ہلاک کروائے، کیا وہ مقاصد پورے ہوسکے اور امریکا کے لیے اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ سفارت کاری اور اثرو رسوخ کے ذریعے انرجی سیز فائرکو ایک ایسے معاہدے میں تبدیل کرے کہ جس پر فریقین متفق ہوں۔