• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی، 160 ارب کا ترقیاتی پیکیج، وفاقی حکومت، عسکری قیادت کے ساتھ ملکر مسائل حل کرے گی، وزیراعظم

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے160ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے وسائل کا ایک ایک پیسہ ترقی اور خوشحالی پر خرچ کیا جائے گا‘وفاقی حکومت عسکری قیادت کے ساتھ ملکر خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل حل کرے گی‘ امن اور ترقی کا دور واپس لاکر صوبہ کے عوام کی خوشحالی کے خوابوں کو عملی جامہ پہنائیں گے‘خیبرپختونخواکو جلتاچھوڑکر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے ‘مجبوری میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرنا پڑا‘اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے آخری اور فیصلہ کن کوشش کی جائے۔ ناکامی کا کوئی آپشن نہیں۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل ایپکس کمیٹی نے دہشت گردی کی ہر شکل کے مکمل خاتمے اور دہشت گرد نیٹ ورکس‘ ان کے سہولت کاروں اور معاون ڈھانچے کو ختم کرنے کے قومی عزم کا اعادہ کیا ہے‘یہ اعادہ شہباز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاورمیں وفاقی ایپکس کمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعظم نے قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل کے ارکان سے بھی الگ ملاقات کی۔دونوں اجلاسوں میں نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار‘چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر‘گورنر کے پی ‘وفاقی وزیرداخلہ ‘کور کمانڈر پشاور اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ ایپکس کمیٹی اجلاس میں واضح کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطے، خفیہ معلومات کے مؤثر تبادلے اور دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔اس موقع پر شہبازشریف کا کہناتھاکہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، حکومتی نظام کی بہتری اور سماجی و معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنا قومی ترجیحات ہیں‘دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وفاقی حکومت عوامی فلاح، روزگار اور معاشی مواقع پیدا کرنے اور عوام کے جائز مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔

اہم خبریں سے مزید