انصار عباسی
اسلام آباد :…پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اس نمائندے سے بات چیت میں تصدیق کی ہے کہ اگر آئندہ سال مارچ میں سینیٹ کے مقررہ انتخابات تک خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج برقرار رہے تو صوبے میں یہ الیکشن نہیں ہو پائے گا۔ یہ تصدیق ایسے وقت سامنے آئی ہے جب صوبے کیلئے مختص سینیٹ کی 12؍ نشستوں کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہے، تاہم 11؍ اکتوبر کو گورنر راج نافذ کیے جانے کے بعد اسمبلی غیر فعال ہوچکی ہے۔ سینیٹ انتخابات مارچ 2027ء میں ہونا ہیں کیونکہ 48؍ سینیٹرز کی 6 سالہ مدت مکمل ہو جائے گی۔ ان میں سے 12؍ نشستیں خیبر پختونخوا اسمبلی کے ذریعے ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں پُر ہوں گی۔ چنانچہ ایمرجنسی کی موجودہ صورتحال برقرار رہنے سے صوبے کے نئے سینیٹرز کا انتخاب پیچیدہ ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں سینیٹ کی نئی مدت شروع ہونے کے وقت ایوانِ بالا میں صوبے کی نمائندگی کا معاملہ غیر حل شدہ رہ سکتا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے افسوس کا اظہار کیا کہ یہ مسلسل دوسری مرتبہ ہوگا کہ خیبر پختونخوا میں انتخابات وقت پر نہیں ہوسکیں گے۔ 2024ء میں بھی مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے تنازعے کے باعث سینیٹ انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ اس معاملے کو خاص سیاسی اہمیت حاصل ہے کیونکہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہے، جبکہ پارلیمنٹ میں نون لیگ، پاکستان پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادیوں کو اکثریت حاصل ہے۔ معمول کے آئینی انتظام کے تحت صوبوں کی نمائندگی کرنے والے سینیٹرز کا انتخاب متعلقہ صوبائی اسمبلیاں متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت واحد قابلِ انتقال ووٹ کے ذریعے کرتی ہیں۔ تاہم، آئین کا آرٹیکل 234؍ کسی صوبے میں اعلانِ نافذ العمل ہونے کی صورت میں پارلیمان کو صوبائی اسمبلی کے اختیارات استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ گورنر راج کے تحت کسی صوبے سے سینیٹرز کے انتخاب پر اس شق کے درست قانونی اطلاق کے مضمرات اب بھی وضاحت کے متقاضی ہیں۔ آرٹیکل 234؍ کے تحت اعلانِ نافذ العمل کی 6؍ ماہ کی آئینی حد بھی اس معاملے میں وقت کی اہمیت بڑھا دیتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں 11؍ اکتوبر 2026ء کو گورنر راج نافذ کیا گیا تھا، جبکہ سینیٹ انتخابات مارچ 2027ء میں مقرر ہیں۔ خیبر پختونخوا سے نئے منتخب سینیٹرز کی عدم موجودگی، سبکدوش ہونے والے 48؍ ارکان کی مدت مکمل ہونے کے بعد ایوانِ بالا کی تشکیل کو متاثر کرسکتی ہے۔ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب سینیٹرز کرتے ہیں، اس لیے ایوان کی تشکیل میں کسی بھی تبدیلی کے بعد قیادت کے انتخاب پر بھی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ موجودہ انتظام کے تحت خیبر پختونخوا کے سینیٹ انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مؤقف اس بات کا تعین کرنے میں اہم ہوگا کہ اگر صوبائی اسمبلی غیر فعال رہتی ہے تو آئینی انتخابی عمل کس طرح آگے بڑھے گا۔ فوری طور پر بنیادی سوال یہ ہے کہ آیا سینیٹ انتخابات سے قبل صوبائی اسمبلی اپنے معمول کے فرائض دوبارہ انجام دینا شروع کردے گی، یا صوبے کی 12؍ نشستیں اس وقت تک خالی رہیں گی جب تک قانونی طور پر انتخابی عمل منعقد کرنے کی راہ ہموار نہیں ہوجاتی۔