اسلام آباد:(انصار عباسی)…پلاننگ کمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق، پاکستان کا منصوبہ ہے کہ پانی کے استعمال کی موجودہ کارکردگی 40؍ فیصد سے بڑھا کر 2029ء تک 70؍ فیصد کی جائے اور کھیتوں کی سطح پر پانی کی دستیابی 58.3؍ ملین ایکڑ فٹ (ایم اے ایف) سے بڑھا کر 79 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچائی جائے۔ اس مقصد کیلئے آئندہ دہائی کے دوران اہم آبی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی کے لیے وفاقی فنانسنگ کی مد میں تقریباً 18؍ ارب ڈالر (50کھرب پاکستانی روپے) درکار ہوں گے۔ یو آر اے اے این پاکستان کے تحت قومی آبی تحفظ کا فریم ورک، ملک میں پانی کی بگڑتی صورتحال اور قلت سے نمٹنے کیلئے آبپاشی کے انتظام، آبی ذخائر کی تعمیر، سیلاب سے تحفظ اور زیرِ زمین پانی کے ضابطۂ کار میں بڑی اصلاحات کا تصور پیش کرتا ہے۔ رپورٹ میں موجودہ 15.318؍ ملین ایکڑ فٹ سے بڑھا کر 2029ء تک پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 23.54؍ ملین ایکڑ فٹ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خبردار کیا گیا ہے کہ اس وقت پانی ذخیرہ کرنے کی قابلِ استعمال گنجائش دریائے سندھ میں سالانہ بہاؤ کا محض 11؍ فیصد ہے۔ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں سے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں 9.821؍ ملین ایکڑ فٹ اضافے کی توقع ہے، جبکہ مجوزہ منصوبوں پر مشتمل آئندہ منصوبہ جاتی سلسلے میں اخوری آف چینل اسٹوریج ڈیم، شیوک ڈیم اور اسکردو ڈیم شامل ہیں، جن سے مزید تقریباً 14.5؍ ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش پیدا ہوسکتی ہے۔ رپورٹ میں سیلاب کے انتظام، آبی ذخائر کی تعمیر اور نہروں کو جدید بنانے سمیت اہم آبی ڈھانچے کیلئے آئندہ 10؍ سال کے دوران فیڈرل فنانسنگ کی ضرورت کا تخمینہ تقریباً 18؍ ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ رپورٹ میں دریاؤں سے کھیتوں تک پانی کی تقسیم کے عمل میں احتساب مضبوط بنانے کیلئے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے تحت واٹر سسٹم انٹیگریٹر کا نظام قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ پاکستان میں میٹھے پانی کے مجموعی استعمال میں سے تقریباً 95؍ فیصد زرعی شعبے میں خرچ ہوتا ہے، جبکہ آبپاشی کے پورے نظام میں پانی کے استعمال کی کارکردگی اب بھی تقریباً 40؍ فیصد ہے۔ مجوزہ اصلاحات میں مالی مراعات کے ذریعے ڈرپ اور اسپرنکلر آبپاشی کے طریقوں کو تیزی سے فروغ دینا، آبیانہ کی شرح کو آپریشن اور دیکھ بھال کے حقیقی اخراجات کے مطابق ڈھالنے کیلئے اصلاحات کرنا اور پانی کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے فصلوں کی کاشت کے طریقوں کو معقول بنانا شامل ہے۔ رپورٹ میں رسمی آب پاشی کے نظام سے باہر تقریباً 20.58؍ ملین ایکڑ موزوں زرعی اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے، جو ملک بھر میں زرعی رقبہ بڑھانے کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔ رپورٹ میں یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ شمسی توانائی سے چلنے والے زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے سبسڈی کو زیرِ زمین پانی کے اندراج اور پائیدار حدود کے اندر پانی نکالنے سے مشروط کیا جائے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ شمسی توانائی پر منتقلی زیرِ زمین پانی کے تیزی سے ختم ہونے کا سبب بن رہی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے کسان توانائی کی اضافی لاگت تقریباً صفر ہونے کے باعث پانی نکال سکتے ہیں۔ پنجاب بھر میں زیرِ زمین پانی کی سطح سالانہ 0.5؍ سے ایک میٹر تک گر رہی ہے، جبکہ انڈس بیسن ایکویفر کو دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ دباؤ کا شکار زیر زمین آبی ذخیرہ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مرالہ ہیڈ ورکس پر سیلاب کی پیشگی اطلاع کے وقت میں نمایاں کمی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جو 2014ء میں 40؍ گھنٹے تھا لیکن 2025ء میں گھٹ کر محض ساڑھے پانچ گھنٹے رہ گیا۔ رپورٹ میں آبی تحفظ کو قومی سلامتی کے ایجنڈے کا حصہ قرار دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ رپورٹ میں قومی سیلابی تحفظ منصوبہ چہارم نافذ کرنے، قومی گلیشیئر تحفظ قانون کے ذریعے گلیشیئرز کی نگرانی مضبوط بنانے اور تازہ ترین آبیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر سیلاب سے متعلق ڈیزائن کے تخمینوں پر نظرثانی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس فریم ورک میں شہری علاقوں کے کم از کم 25؍ فیصد آلودہ (گندے) پانی کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق، شہری علاقوں میں پانی کے جن ذرائع کی نگرانی کی گئی، ان میں سے تقریباً 53؍ فیصد انسانی استعمال کیلئے غیر محفوظ ہیں۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 2029ء کے اہداف حاصل کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، ضابطہ جاتی اصلاحات اور آبی وسائل کے بہتر انتظام پر مشتمل اقدامات پر مربوط انداز میں عمل درآمد ضروری ہوگا۔