• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کی نیب تحقیقات میں تیزی، مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف تحقیقات کے دعوے جھوٹے

اسلام آباد:(انصار عباسی)…قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبر پختونخوا میں بدعنوانی سے متعلق انکوائریوں اور تحقیقات کا عمل تیز کر دیا ہے، جبکہ اس کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نے حال ہی میں صوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق اہم مقدمات پر تبادلۂ خیال کیا۔ تاہم، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے یہ دعوے غلط ہیں کہ بیورو نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف تحقیقات تیز کر دی ہیں۔ یہ دعوے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کی مدد سے تیار کردہ ایک ویڈیو کے ذریعے پھیلائے گئے ہیں، جسے غلط طور پر اس نمائندے سے منسوب کیا گیا ہے، حالانکہ اس نمائندے نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کیخلاف نیب کی کسی نئی یا تیز تر کارروائی سے متعلق ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ صورتحال پہلے جیسی ہی ہے، جو آن لائن گردش کرنے والی جعلی ویڈیو کے ذریعے پیدا کیے گئے تاثر کے برعکس ہے۔ یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نیب خیبر پختونخوا میں بدعنوانی کی اہم تحقیقات پر اپنی سرگرمیاں تیز کر رہا ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے دوران مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری فنڈز کے مبینہ غبن کے الزامات نے بیورو کی توجہ حاصل کر رکھی ہے۔ ایک حالیہ ٹاک شو میں شرکت کے دوران نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نے اپر کوہستان کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اربوں روپے کے فراڈ سے متعلق تحقیقات پر گفتگو کی۔ ان مقدمات میں قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچنے کے الزامات شامل ہیں، جبکہ تفتیش کار مالی لین دین، مشتبہ غیر قانونی ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ڈی جی کے بیان سے صوبے میں جاری تحقیقات کے حجم اور وسعت کو اجاگر کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں جاری تحقیقات میں شہری ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیاں اور اپر کوہستان میں فراڈ کا معاملہ شامل ہیں، جس میں سرکاری مالیاتی طریقۂ کار میں ردوبدل کے ذریعے مبینہ طور پر 37؍ ارب روپے سے زائد کی رقم کا فراڈ کیا گیا۔ نیب اس سے قبل اپر کوہستان کیس میں اربوں روپے مالیت کے اثاثوں کا سراغ لگانے اور خطیر رقم کی وصولی کی اطلاع دے چکا ہے۔ ان تحقیقات پر دوبارہ توجہ ایسے وقت میں مرکوز کی گئی ہے جب حالیہ ایمرجنسی اقدامات اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبے میں سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید