تفہیم المسائل
سوال: بعض اسکولوں میں ماہانہ ٹیوشن فیس کی ادائیگی میں تاخیر ہونے پر کچھ اضافی رقم بطور لیٹ فیس لی جاتی ہے، ہر ماہ کی پانچ یا دس تاریخ کے بعد ادائیگی پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، جبکہ تمام اسکولز ہر ماہ ایڈوانس فیس لیتے ہیں، مہینے کے شروع میں ادا کی جانے والی فیس اُس مہینے کے آخر ایام تک کی ہوتی ہے، یعنی جو فیس ادا کی جارہی ہے، بچے نے ابھی وہ کلاسیں لینی ہیں، ان کی فیس پہلے اداکی جاتی ہے، کیا اس پر لیٹ فیس لینا جائز ہے؟ (مولانا بختیار احمد، کراچی)
جواب: اسکول فیس جمع کرانے میں تاخیر پر اضافی رقم یا لیٹ فیس (جرمانہ) وصول کرنا شرعاً ناجائز اور حرام ہے۔ یہ تعزیر بالمال(مالی جرمانہ) کے زمرے میں آتا ہے، شریعت میں تعزیر بالمال (مالی جرمانہ عائد کرنا) منسوخ ہے، علّامہ ابن عابدین شامی لکھتے ہیں: ’’ کسی مسلمان کو شرعی وجہ کے بغیر کسی کا مال لینا جائز نہیں ہے ‘‘۔
مزید لکھتے ہیں: ’’اور ’’شرح الآثار‘‘ میں ہے: تعزیر بالمال ابتداء ً اسلام میں جائز تھی، پھر منسوخ ہوگئی ، (ردالمحتار علیٰ الدرالمختار، جلد6، ص:77) ‘‘ ۔ امام اہلسنّت امام احمد رضا قادریؒ لکھتے ہیں:’’تعزیر بالمال منسوخ ہے اور منسوخ پر عمل جائز نہیں۔ تنویر الابصار مع الدرالمختار میں ہے: ’’مالی جرمانہ مذہب کی رو سے جائز نہیں ہے، (فتاویٰ رضویہ ،جلد5،ص:111)‘‘۔
یقینی طور پر مہینے کے اختتام سے پہلے جو فیس وصول کی جارہی ہے، وہ مہینے کے اختتام پر واجب الادا ہوتی ہے، اس سے پہلے اس پر جرمانہ عائد کرنا کسی بھی اعتبار سے درست نہیں ہے، تنویر الابصار مع الدرالمختار میں ہے :’’ یا منفعت پوری حاصل کرنے کے ساتھ اُجرت لازم ہوجاتی ہے یا اس سے منفعت حاصل کرنے کی قدرت پر اُجرت لازم ہوتی ہے، (حاشیہ ابن عابدین شامی، جلد6،ص:11)‘‘۔
اسی طرح مدت کے تعین پر اضافی رقم وصول کرنا حرام ہے، شمس الائمہ امام محمد بن احمد السرخسی لکھتے ہیں: ’’مدت کے مقابلے میں دراہم لینا سود ہے، کیا تو نہیں دیکھتا کہ جس قرض کی ادائیگی کی مدت پوری ہو چکی ہو، اس میں اگر مدیون نے مال میں زیادتی کردی تاکہ دائن اُسے ادائیگی کی مزید مہلت دیدے، تو یہ جائز نہیں ہے، (المبسوط ، جلد13،ص:126)‘‘۔
یوٹیلیٹی بلزکی ادائیگی استعمال شدہ اشیاء پر ہوتی ہے، جس میں تاخیر سے ادائیگی پر جرمانہ لگایا جاتا ہے، اگرچہ یہ مالی جرمانہ بھی شرعاً درست نہیں ہے، لیکن اصل رقم کی ادائیگی واجب الادا ہوچکی ہوتی ہے، جبکہ اسکول کی فیس ایڈوانس وصول کی جارہی ہے، تو اصولی اعتبار سے اُسے تاخیر قرار نہیں دیا جاسکتا، اسکول مالکان اور اُن کی ایسوسی ایشن اس اصطلاح کو تبدیل فرمائیں، اسی طرح اسکول مالکان اپنے عملے کو بھی مہینہ بھر کام کرنے کے بعد بھی پانچ دس روز بعد تنخواہ دیتے ہیں اور وہ اپنے اوپر ادائی میں تاخیر پر جرمانہ ادا نہیں کرتے۔
مشکل یہ ہے کہ ہمارے ہاں ایفائے عہد اور ضوابط کی پابندی کا شِعار قابلِ رشک نہیں ہے، اسلامی مالیاتی اداروں میں تاخیر ادا پر اضافی رقم تو نہیں لی جاسکتی کہ یہ صراحۃً سود ہے، پس تاخیر کی عادت یا روایت کو ختم کرنے کے لیے اسلامی بنکوں کی طرف پر ’’نَذْرُاللَجَّاج ‘‘ یا وعدۂ تصدُّق کا طریقہ اختیار کیا جائے اور اس سے جو رقم جمع ہو، اُس سے مستحق طلبہ کی فیس ادا کی جائے یا اُنہیں بلاقیمت نصابی کتابیں اور اسٹیشنری دی جائے یا یونیفارم بلاقیمت دی جائے، تو یہ بہتر ہے۔
ایک دوسری مُتبادل صورت یہ ہے کہ پہلے ہی گنجائش کے مطابق فیس قدرے زیادہ مقرر کی جائے اور داخلہ دیتے وقت اسکول انتظامیہ طلبہ اور ان کے والدین پر واضح کردے کہ اگر آپ دس تاریخ تک فیس ادا کردیں گے، تو دس یا بیس فیصد رعایت دی جائے گی، مثلاً: کسی کی فیس 2,000/=روپے ماہانہ مقرر کردیں اور جو لوگ بروقت فیس ادا کردیں، اُنہیں ایک سو یا دو سو روپے رعایت دیدیں اور جو مقررہ تاریخ تک ادا نہ کریں، ان سے پوری فیس دو ہزار روپے وصول کرلیں۔