• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خدمتِ والدین دین و دنیا میں فلاح و سعادت کا سرچشمہ

مولانا شعیب احمد فردوس

اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار ظاہری اور باطنی نعمتیں عطا فرمائی ہیں، اور ساتھ ہی فرمایا: " اگر تم اللہ کی نعمتوں کو گننے لگو تو شمار نہ کر سکو گے۔ " (سورۂ ابراہیم : 34) اللہ تعالیٰ کی ان عظیم نعمتوں میں سے ایک نعمت ِگراں قدر اور گنج ہائے گراں مایہ " وجود والدین " ہے۔ ایک انسان کی پیدائش کے دن سے لے کر اس کے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے ( یعنی عملی زندگی میں قدم رکھنے) کے زمانے تک اس کی کامیابیوں اور کامرانیوں میں والدین کا عظیم اور ناقابل فراموش کردار کار فرما ہوتا ہے۔

والدین کے مرتبے کی بلندی اور اہمیت اس سے واضح ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں جہاں اپنی عبادت کا حکم دیا، اس کے ساتھ ہی والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کی بے حد تاکید فرمائی۔ والدین کے حقوق کی ادائیگی، ان کی تعظیم اور ان کےآداب کو بجا لانے کے سلسلے میں قرآنی تعلیمات کا خلاصہ یہ ہے:

1۔والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کیا جائے ۔

2۔ ان کی کسی بات پر تنگ دلی کا اظہار ( یعنی زبان سے اُف تک ) نہ کیا جائے۔

3۔ انہیں جھڑکنے سے گریز کیا جائے۔ 

4۔ ان کے ساتھ عزت سے بات کی جائے۔

5۔اولاد کو چاہیے کہ ان کے ساتھ محبت کا برتاؤ کرتے ہوئے ان کے سامنے اپنے آپ کو عاجزی اور انکساری سے جھکائے رکھے۔

6۔ان کے لئے دعائے خیر کرتا رہے کہ " اے پروردگار! جس طرح انہوں نے میرے بچپن میں مجھے پالا ہے، آپ بھی ان کے ساتھ رحم کا معاملہ کیجئے۔ (سورۂ بنی اسرائیل: 23، 24)۔ دنیا میں ان کے ساتھ بھلائی کا معاملہ کیا جائے۔( سورۂ لقمان: 15)

حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: خاک آلود ہو اس شخص کی ناک ( گویا بددعا فرمائی کہ وہ شخص ذلیل و خوار ہو) اور ایسا آپﷺ نے تین مرتبہ فرمایا۔

عرض کیا گیا ،اے اللہ کے رسول (ﷺ) کون؟ آپﷺ نے فرمایا: وہ شخص جس نے اپنے ماں باپ دونوں یا دونوں میں سے کسی ایک کو بھی بڑھاپے کی حالت میں پایا اور ان کی خدمت کر کے جنّت میں داخل نہ ہوا۔(صحیح مسلم : 2551)

ایک بار ایک صحابی ؓ نے نبی کریمﷺ کی خدمت میں عرض کیا:اے اللہ کے رسولﷺ سب سے افضل عمل کون سا ہے؟ آپﷺ نے ارشاد فرمایا: والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرنا۔( صحیح بخاری: 5970، ترمذی: 1898)

حضرت ابو امامہؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریمﷺ سے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسولﷺ ! والدین کا اپنی اولاد پر کتنا حق ہے؟ آپﷺ نے ارشاد فرمایا: وہ دونوں( یعنی والدین ) تیری جنّت بھی ہیں اور دوزخ بھی ہیں۔ ( یعنی ان کی خدمت کر کے جنت بھی حاصل کی جا سکتی ہے اور نافرمانی سے دوزخ کا مستحق بھی بنا جا سکتا ہے) ۔( سنن ابن ماجہ : 3662)

ایک شخص نے نبی کریمﷺ سے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسولﷺ! میں کس کے ساتھ بھلائی اور نیک سلوک کروں؟ آپﷺ نے فرمایا: ماں کے ساتھ ۔ان صاحب کے تین مرتبہ سوال کرنے پر آپﷺ نے اسی طرح فرمایا۔ (یعنی ماں کے ساتھ )، پھر چوتھی مرتبہ جب انہوں نے یہ ہی سوال کیا تو آپﷺ نے فرمایا: اپنے والد کے ساتھ۔( نیک سلوک کرو)۔ صحیح بخاری: 5971)

حضرت عبداللہ بن عمرو ؓ کہتے ہیں کہ اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا: پروردگار کی خوشنودی( رضا مندی) والد کی رضامندی میں ہے، اور پروردگار کی ناخوشی اور ناراضی والد کی ناراضی میں ہے۔( ترمذی: 1900) ایک اور حدیث میں ہے کہ اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا: شرک کے علاوہ تمام گناہ ایسے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان میں سے جس قدر چاہتا ہے معاف فرما دیتا ہے، مگر والدین کی نافرمانی کے گناہ کو نہیں بخشتا، بلکہ والدین کی نافرمانی کرنے والے کو موت سے پہلے بھی اس کی زندگی میں جلد سزا دے دیتا ہے۔( مشکوٰۃ بہ حوالہ بیہقی) دنیا کا احمق ترین شخص وہ ہے جو اپنے والدین کی سعادت سے محروم رہے اور اپنی اولاد سے خدمت کی امید رکھے۔

امام محمد بن محمد غزالیؒ فرماتے ہیں: ( بیٹے کو چاہیے کہ) والدین کی بات توجہ سے سنے، ماں باپ جب کھڑے ہوں تو تعظیما" ان کے کے لئے کھڑا ہو جائے، جب وہ کسی کام کا حکم دیں تو فورا" بجا لائے، ان دونوں کے کھانے پینے کا انتظام کرے، اگر وہ کوئی بات بار بار کہیں تو ان سے اکتا نہ جائے، ان کے ساتھ بھلائی کرے تو ان پر احسان نہ جتلائے، ان کی طرف حقارت کی نگاہ سے نہ دیکھے اور نہ ہی کسی معاملے میں ان کی نافرمانی کرے۔( بہ شرط یہ کہ وہ دین کے خلاف کسی کام کا حکم نہ دیں) ( آداب دین)

مثل مشہور ہے: "قدر نعمت بعد زوال"۔ انسان کی فطرت میں یہ بات موجود ہے کہ جب تک نعمت نظروں کے سامنے ہوتی ہے، وہ اس کی قدر و منزلت سے نا آشنا رہتا ہے اور لاپروائی برتتا ہے اور جب نعمت چھن جاتی ہے تو متاع دنیا کے لٹنے کا احساس ہوتا ہے۔ عام طور پر آج کے معاشرے میں باستثناء چند، اولاد کا رویہ اپنے والدین کے ساتھ کچھ اسی نوعیت کا ہے کہ والدین کی زندگی میں ان کی وہ قدر اور خدمت نہیں کی جاتی جس کے وہ مستحق ہوتے ہیں۔

کتنے ہی لوگ ایسے ہیں کہ جب ان کے والدین بوڑھے ہو کر چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہتے تو ایسی حالت میں اولاد ان والدین کا سہارا بننے کے بجائے انہیں " بے سہارا" چھوڑ دیتی ہے۔ وہ باپ جو اولاد کی جیت کے لئے اپنا سب کچھ ہار دیتا ہے اور وہ ماں جس کی دعاؤں کی بدولت جیت اولاد کا مقدر بنتی ہے، جب ان دونوں میں سے کوئی ایک بھی دنیا سے رخصت ہو جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انسان کھلے آسمان تلے آ بیٹھا ہو۔

پھر واقعتاً" اس متاع بے بہا کے چھن جانے کا احساس ہوتا ہے۔ درد کی بس دو دوائیں ہوتی ہیں باپ ہوتا ہے مائیں ہوتی ہیں، پھر وہ وقت بھی یاد آتا ہے جب کہ: سینے سے لگا کر کہا کرتی تھی ماں مجھے، تو لعل ہے میرا نہ ستا مجھے پچھتائے گا اک دن میں چلی جاؤں گی، نہ چاہتے ہوئے بھی اکیلا دنیا میں چھوڑ جاؤں گی، زمانہ دکھائے گا گرمی کی شدت تجھ کو یاد کر کے روئے گا تو پھر مجھ کومدتوں سے میری ماں نے سینے سے نہیں لگایا اب سو گئی ہے خاک میں جب کچھ کہنے کا وقت آیا۔

اولاد کو ٹھنڈی چھاؤں مہیا کرنے والی ہستیوں یعنی والدین کے مقام اور مرتبے کے مطابق ان کے ساتھ حسنِ سلوک کا معاملہ نہ کرنا نہ صرف یہ کہ دنیا میں اولاد کے لئے حرماں نصیبی کا باعث ہے، بلکہ آخرت میں بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت و فضل سے محرومی کا سبب بن سکتا ہے۔

اقراء سے مزید