ڈاکٹر نعمان نعیم
اسلام کی اعلیٰ و ارفع صفات میں سے ایک اہم صفت ایفائے عہد یا وعدے کی پاس داری بھی ہے۔ ایفائے عہد ایک مسلمان کے دیگر فرائض میں سے ایک بڑا فرض ہے۔ اگر کوئی بندہ ایفائے عہد کی صفت سے خالی ہے تووہ انسانیت کے شرف سے ہی عاری سمجھا جاتا ہے۔ وعدہ اورعہدکی پابندی کرنا ایفائے عہد میں شامل ہے۔ایفائے عہدنہ کرنے سے آدمی کا اعتبار اُٹھ جاتا ہے۔
اعتبار اور اعتماد کے بغیرخوش گوار معاشرتی زندگی محال ہے۔ آج ہمارے انسانی معاشرے میں جو خرابیاں رواج پا رہی ہیں، ان میں ایک بڑی خرابی جس نے معاشرے کو بے سکونی اور بے اطمینانی کی کیفیت سے دوچار کیا ہوا ہے، وہ عہد شکنی ہے۔ لوگ معاہدوں کو اہمیت نہیں دیتے، وعدہ خلافی عام معمول بن چکا ہے، تمام باہمی معاملات بالخصوص تجارت میں بدعہدی کی وبا اس قدر پھیل چکی ہے کہ الامان والحفیظ۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں تنازعات اور لڑائی جھگڑے بڑھ رہے ہیں، باہمی میل جول اور محبت و الفت کی جگہ رنجشیں کدورتیں اور عداوتیں جنم لی رہی ہیں۔
آج کی دنیا میں تجارت و معیشت میں ایفائے عہد، وعدے کی تکمیل اور کمٹمنٹ کو پورا کرنا ایک بنیادی ضرورت اور تجارت و معیشت کے استحکام کی ضمانت ہے۔ کاروباری معاہدوں پر گویا تجارت و معیشت کی کامیابی کا انحصار سمجھا جاتا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس لحاظ سے انسانیت کی اسلام نے سب سے زیادہ راہ نُمائی کی ہے، اسلام کی تعلیمات اور پیغمبرِ اسلام ﷺ کا اُسوۂ حسنہ ہمارے لیے لائقِ تقلید نمونہ ہے، آپﷺ کی سیرتِ طیّبہ کا ایک روشن و درخشاں باب دیانت و امانت ہے، آپﷺ نے اسلام سے قبل ایک دیانت دار تاجر کی حیثیت اور ایک اَخلاقی معلّم کی حیثیت سے خُوب شہرت حاصل کی۔
قریشِ مکّہ میں آپﷺ صادق و امین کے طور پر مشہور تھے۔ حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ ایک موقع پر آپﷺ نے ارشاد فرمایا:’’سچا اور امانت دار تاجر انبیاؑء، صدیقین اور شہداء کے ساتھ ہوگا۔‘‘(ابنِ ماجہ/السنن)
تجارت و معیشت کے حوالے سے رسولِ اکرم ﷺ کا اُسوۂ حسنہ اور ایفائے عہد یعنی وعدے کی تکمیل کے حوالے سے اسلامی تعلیمات، اسلامی تاریخ کے ابتدائی ادوار میں مسلمان تاجروں کے تجارتی معاملات اور معاہدات کی بنیاد قرار پائے، اُنہوں نے ایفائے عہد، دیانت و امانت، معاہدوں کی پاس داری اور وعدوں کی تکمیل کی بدولت وہ روشن مثالیں پیش کیں، جس نے دنیا بھر کے غیر مسلم معاشروں کو متاثر کیا، چناںچہ ایسی مثالیں بھی ملتی ہیں کہ مسلمان تاجروں کی دیانت و امانت، وعدے کی پاس داری اور سیرت و کردار سے متاثر ہوکر بہت سے غیر مسلم دائرۂ اسلام میں داخل ہوئے، دنیا کے مختلف ایسے ممالک میں جہاں نہ مسلم فاتحین آئے اور نہ تبلیغی مقاصد کارفرما ہوئے، دیکھتے ہی دیکھتے اسلام پھیلتا گیا اور یُوں دیانت و امانت اور وعدے کی تکمیل اسلام اور مسلمانوں کی شناخت بن گئی۔
حضرت عبداللہ بن عمرو ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: چار (عادات و صفات) جس شخص میں ہوں، وہ پکا منافق ہے اور جس میں ان صفات میں سے ایک صفت ہوتو اس میں نفاق اسی کے بقدر ہے، یہاں تک کہ وہ اس (عادت) کو چھوڑ دے۔ جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو اس میں خیانت کرے، جب بات کرے تو جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو اس کی خلاف ورزی کرے اور جب کوئی جھگڑا وغیرہ ہوجائے تو گالی گلوچ پر اتر آئے۔(صحیح بخاری)
حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : منافق کی تین نشانیاں ہیں۔ جب بات کرے تو جھوٹ بولتا ہے، اس کے پاس امانت رکھی جائے تو خیانت کرتا ہے اور جب کسی سے وعدہ کرے تو اسے پورا نہیں کرتا۔(صحیح بخاری) رسول اللہ ﷺ اور آپ کے صحابہ ؓ کی نگاہ میں وعدہ کو پورا کرنے کی کس قدر اہمیت تھی، دوست ہو یا دشمن، اپنا ہو یا بیگانہ، اور مسلمان ہو یا غیر مسلم، ہر ایک کے ساتھ عہد کی پابندی ضروری ہے۔
افسوس کہ اخلاقی انحطاط اور پستی کی وجہ سے آج معاشرے میں وعدہ خلافی کی نوع بہ نوع صورتیں مروّج ہوگئی ہیں اور لوگوں کے ذہن میں اس کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی، عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ قرض وغیرہ کے لین دین ہی سے وعدےکا تعلق ہے، حالاںکہ ہم زندگی کے تمام مراحل میں عہد و پیمان سے گزرتے ہیں، معاملات جتنے بھی ہیں، نکاح، خرید و فروخت، شرکت اور پارٹنر شپ، دو طرفہ وعدہ ہی سے عبارت ہے، اسی لئے معاملات کو عقد کہا جاتا ہے، عقد کے معنی دو طرفہ وعدہ اور معاہدے کے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ایک سے زیادہ مواقع پر ایفائے عہد کی طرف متوجہ فرمایا ہے۔
نکاح کے ذریعے مرد وعورت کے ساتھ حسنِ سلوک اور اس کے اخراجات کی ادائیگی کا عہد کرتا ہے اورعورت جائز باتوں میں شوہر کی فرماں برداری کا وعدہ کرتی ہے، لہٰذا اگر شوہر بیوی کی حق تلفی کرے یا بیوی شوہر کی حکم عدولی تو نہ صرف حق تلفی اور حکم عدولی کا گناہ ہوگا، بلکہ وہ وعدہ خلافی کے بھی گناہ گار ہوں گے، بیچنے والا گاہک سے مال کے صحیح ہونے اور قیمت کے مناسب ہونے کا وعدہ کرتا ہے، اگر وہ گاہک سے عیب چھپا کر سامان بیچے یا قیمت میں معمول سے زیادہ نفع وصول کرلے اور گاہک کو جتائے کہ اس نے معمولی نفع پر سامان فروخت کیا ہے ، تو یہ عقد تجارت کے ذریعے فریقین ایک دوسرے کے ساتھ جو عہد کرتے ہیں، اس کی خلاف ورزی ہے۔
حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اولین و آخرین کو جمع کرے گا اور سب کے سامنے ہر اس شخص کے لیے ایک جھنڈا گاڑے گا جو بدعہدی کرنے والے ہیں اور کہا جائے گا: یہ فلاں بن فلاں کی بدعہدی (کا نشان) ہے۔(صحیح مسلم )قرآن و سنّت کی ان تعلیمات سے ایفائے عہد اور وعدے کی پاس داری کا بخوبی پتا چلتا اور اس کی عظمت و اہمیت کا اظہار ہوتا ہے۔