تفہیم المسائل
سوال: گلی کوچوں اور کھیتوں میں کھلی پھرنے والی مرغیاں جو ہر چیز کھالیتی ہیں، کیا ان کا کھانا انسان کے لیے حلال ہے؟(صفیہ سمیرا،راول پنڈی)
جواب: ایساجانور جو غلاظت کھاتا ہو، اُسے’’ جَلَّالَہ ‘‘کہتے ہیں، اگر غلیظ غذا کا اثر اس کے گوشت، پسینہ وغیرہ سے بدبوکی صورت میں ظاہر ہورہا ہو، تو ایسے جانور کا کھانا مکروہ ہے۔ ایسے جانور کو کچھ عرصہ باندھ کر محض صاف غذا دی جائے، تاکہ اس کے گوشت اور پسینہ سے بو زائل ہوجائے۔
نیز ایسا حلال جانور جس کی غذا مخلوط ہو، لیکن اس کی غذا کے اثرات اس کے گوشت اور پسینے میں ظاہر نہ ہورہے ہوں، تو اُسے کھانا بلاکراہت جائز ہے۔ علّامہ نظام الدین ؒ لکھتے ہیں: ترجمہ:’’ اور جلالہ اونٹ کا گوشت کھانا مکروہ ہے جبکہ اس کی غالب خوراک نجس(ناپاک) ہو، اس لئے کہ جب نجاست زیادہ کھاتے ہوں تو اُن کا گوشت متغیر اور بدبو دار ہوجاتا ہے، پس بدبودار خوراک کی طرح بدبودار گوشت کا کھانا بھی مکروہ ہے ‘‘۔
مزید لکھتے ہیں: ترجمہ: ’’امام محمدؒ بیان کرتے ہیں کہ جلاّلہ اونٹنی، جلاّلہ بکری اور جلاّلہ گائے، اس وقت جلاّلہ شمار ہوں گی جب اُن کا گوشت بدبودار اور متغیر ہو اور اُن میں بدبو پائی جائے، سو وہ جلاّلہ ہے، نہ اُس کا دودھ پیاجائے اورنہ ہی اُس کا گوشت کھایا جائے ،البتہ اُس کی خریدو فروخت اور ھبہ جائز ہے ، (فتاویٰ عالمگیری ،جلد5،ص:289 )‘‘۔ خریدوفروخت اس لیے جائز ہے کہ وہ جانور اپنی اصل کے اعتبار سے حلال ہے ۔
علّامہ ابن عابدین شامی ؒ لکھتے ہیں: ترجمہ:’’ اور ’’تجنیس ‘‘ میں ہے : جب (کسی جانور نے) نجس چارہ کھایا ہو تو مرغی کو تین دن روکے رکھیں گے اور بکری کو چار دن باندھیں گے، اونٹ اور گائے کو دس دن باندھیں گے، اور یہی ظاہر الروایۃ ہے۔ امام سرخسی نے فرمایا: صحیح یہ ہے کہ (اس مقصد کے لیے) دنوں کی تعداد نہ مقرر کی جائے ،بلکہ اُنہیں (ان کی منہ، پسینے اور لعاب سے) بدبوکے زائل ہونے تک باندھ کررکھاجائے ،(جلد9، ص:371،بیروت)‘‘۔
اس سے یہ امر بھی واضح ہوگیا کہ حلال جانور کی غذا کا ہر صورت میں حلال اور پاکیزہ ہونا ضروری نہیں ہے، بہت سے حضرات اکثر برائلر مرغیوں کی خوراک (Feed) کے بارے میں اس وجہ سے تردُّد کرتے ہیں کہ وہ ذبح کے وقت بہنے والے خون (دمِ مسفوح) اور دیگر ناپاک یا حروم چیزوں سے تیار ہوتی ہے، تو یہ مصنوعی خوراک کھلانا جائز ہے اور چونکہ یہ مصنوعی خوراک کیمیکل طریقے سے تیاری ہوتی ہے، اس لیے نہ بدبودار ہوتی ہے اورنہ ہی بدبوکا اثر مرغیوں کے گوشت میں ہوتا ہے۔