تفہیم المسائل
سوال: سندھ حکومت جی پی فنڈ کی کٹوتی پر سالانہ ساڑھے بارہ فیصد مارک اپ دیتی ہے، نئے اساتذہ کی تنخواہ سے ساڑھے چار ہزار روپے ماہانہ کٹ رہا ہے، ملازمین کو بھرتی کے وقت یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ جوائننگ کے وقت جی پی فنڈ ’’ انٹرسٹ اپلائیڈ ‘‘یا جی پی فنڈ ’’انٹرسٹ فری‘‘ کا آپشن بھی استعمال کرسکتے ہیں، معلوم یہ کرنا ہے کہ مذکورہ بالا دونوں آپشنز کی صورت جی پی فنڈ کی شرعی حیثیت کیا ہوگی؟ (انصر نورانی)
جواب: سود لینا یا دینا کسی بھی صورت میں جائز نہیں ہے، خواہ وہ اپنی ہی جمع شدہ رقم پر ادا کیا جارہا ہو یا کسی دوسرے شخص سے لیے گئے قرض پر ادا کیا جارہا ہو، دونوں صورتوں میں حکم یکساں ہے۔ اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول ﷺ نے سود کو مطلقاً حرام فرمایا ہے۔
آپ کے ادارے نے چونکہ آپ کو جی پی فنڈلاربائی (بلاسود) کا آپشن دیا ہے، تو اس صورت میں ربا پر مبنی آپشن اختیار کرنا قطعاً جائز نہیں، پس ملازم کی طرف سے سود پر مبنی عقد کو ترجیحی طور پر اختیار کرنے کا اقرار یا معاہدہ اپنی اصل کے اعتبار سے ہی ناجائز ہے اور بعد میں اس پر ملنے والا سودی اضافہ بھی ناجائز اور باطل ہے اور اِس گناہ میں وہ ادارہ بھی شامل ہوگا۔
اس صورت میں ملازمین نے اپنی تنخواہ سے جتنی کٹوتی کرائی ہے وہ اور اس پر ادارے کی جانب سے جو اضافہ کیاگیا ،ملازم کے لیے اُن دونوں رقموں کالینا توجائز ہے، البتہ اس پر مزید بینک وغیرہ کی طرف سے جو سود لگتا ہے، اس رقم کا لیناجائز نہیں ہے۔
مفتی وقارالدین قادری ؒ لکھتے ہیں: ’’ ملازم کو یہ اختیار ہے کہ وہ درخواست دے دے کہ میرے فنڈ پر سود نہ لگایا جائے، تو پھر اس کے فنڈ پر سود نہیں لگایا جاتا۔ اگر درخواست دینے کے باوجود سود لگا دیا گیا، تب بھی اس کا لینا جائز نہیں ہے اور اگر لے لیا تو اس کا کسی کو بلا نیت ثواب دے دینا واجب ہے اور زکوٰۃ کی طرح کسی غیر سید غیر مالک نصاب مسلمان کو مالک بنا کر دے دیا جائے، (وقارالفتاویٰ ،جلد: سوم ، ص:296)‘‘۔
بعض اسلامی بینکوں نے کارپوریشنوں، کمپنیوں، محکموں اور اداروں کے لیے ملازمین کی پراویڈنٹ فنڈکی جمع شدہ رقوم کے لیے مضاربت کے شرعی اصول پر مبنی اسکیمیں بنائی ہیں، کارپوریشنوں، کمپنیوں، محکموں اور اداروں کی ملازمین کی انجمنیں یا سودا کار یونینیں (CBA) اپنے اداروں کے سربراہان کو اس امر کا پابند بنائیں کہ وہ ملازمین کی جی پی فنڈ کی جمع شدہ رقوم کے لیے اسلامی تمویل (Financing) کے طریقے اختیار کریں، کیونکہ اب متبادل شرعی اصولوں پر مبنی معاہدات دستیاب ہونے کے باوجود سودپر مبنی معاہدے کا حصہ بننا مطلقاً ناجائز ہے اور حرام کو حلال پر ترجیح دینا ہے۔(واللہ اعلم بالصّواب)