تفہیم المسائل
سوال: قبر کے کتبے پر قرآنی آیات وغیرہ لکھوانا کیسا ہے ؟(معاذ احمد ،کراچی )
جواب: صرف ضرورت کے لیے یعنی قبر کے آثار محفوظ رہیں یا شناخت و علامت کے طور پر مُتوفّٰی کا نام کندہ کرانے میں حرج نہیں ہے، تاکہ قبر کے آثار باقی رہیں اور اس کی اہانت نہ ہو، اِس کے علاوہ قرآن مجید کی آیات یا اشعار لکھوانا یا مبالغہ آرائی پر مبنی تحریر مکروہ ہے۔
علامہ ابن عابدین شامی لکھتے ہیں:’’ یہاں تک کہ قبر پر قرآن مجید (کی آیات) لکھنا یا اَشعار یا (صاحبِ قبر کی ) تعریف میں مبالغہ آرائی کے کلمات لکھنا مکروہ ہے، (ردالمحتار علیٰ الدرالمختار ،جلد3)‘‘۔
ڈاکٹر وھبہ الزحیلی لکھتے ہیں :’’ قبر پر لکھنا جمہور علماء کے نزدیک مکروہ ہے، خواہ صاحبِ قبر کا نام ہو یا کسی اور کا، خواہ سرہانے کی طرف لکھے یا کسی اور جگہ، یا اُس کے نام کوئی پرچہ یا تحریر لکھ کر سوراخ میں رکھ دی جائے، اصحابِ مالکیہ کے نزدیک قبر پر قرآن مجید (کی آیات) لکھنا حرام ہے اور اُس کی دلیل یہ (حدیث) ہے: جسے حضرت جابر ؓ نے بیان کیا: رسول اللہ ﷺ نے قبروں کو پختہ کرنے، اُن پر لکھنے اور اُن پر عمارت بنانے سے منع فرمایا ( مسلم )احناف کہتے ہیں: اگر ضرورت ہو تو قبر پر لکھنے میں کوئی حرج نہیں ہے، تاکہ قبر کا نشان محفوظ رہے اور اُس کی اِہانت بھی نہ ہو ‘‘۔
خلاصہ یہ ہے کہ( قبر پر )لکھنے کی ممانعت کو بلاضرورت لکھنے پر محمول کیا جائے یعنی جبکہ لکھنا ضرورت کے بغیر ہے، قرآن مجید (کی آیات) یا اَشعار لکھنا یا صاحبِ قبر کی تعریف میں مبالغہ آرائی کے کلمات لکھنا مکروہ ہے، (فقہ الاسلامی وأدلتہٗ )‘‘۔