عمران احمد سلفی
علم و دین کی دنیا میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی زندگی کا ایک بڑا حصہ دین کی خدمت، علم کی اشاعت اور ملّت کی رہنمائی میں گزرتا ہے۔ ان کی وفات صرف ایک فرد کی جدائی نہیں ہوتی، بلکہ ایک طویل علمی و دینی دور کے اختتام کا احساس دلاتی ہے۔ مولانا عبد الرحمن سلفی رحمہ اللہ کی رحلت بھی ایک ایسا ہی سانحہ ہے، جس پر جماعتِ اہل حدیث اہل علم، تلامذہ، متعلقین اور عقیدت مندوں کے دل رنجیدہ ہیں۔
آپ نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ دینی تعلیم، درس و تدریس، جماعتی قیادت، دعوت و اصلاح اور ملّت کی رہنمائی کے لیے وقف کیے رکھا۔ آپ کی وفات پر ملک بھر کے دینی، علمی، سیاسی اور سماجی حلقوں میں رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ آپ کی کامل مغفرت فرمائے، آپ کی خدمات کو قبول اور جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔( آمین)
مولانا عبد الرحمن سلفی ؒ کی زندگی کا ایک نمایاں پہلو جماعتی قیادت ہے۔ آپ تقریباً پچاس سال تک امیر جماعت غربائے اہل حدیث پاکستان کے منصب پر فائز رہے۔ آپ کی شخصیت کو دینی حلقوں کے ساتھ حکومتی اور سیاسی سطح پر بھی قدر و منزلت حاصل تھی۔
سابق صدرِ پاکستان جنرل محمد ضیاء الحق مرحوم کی مجلسِ شوریٰ میں آپ کی شمولیت بھی آپ کی زندگی کا ایک اہم پہلو ہے۔ علمائے کرام، مشائخ عظام، حکومتی ذمہ داران، سیاسی و مذہبی شخصیات اور اسلامی ممالک کے سفرا آپ سے ملاقات کے لیے تشریف لاتے رہے۔ آپ کی طویل جماعتی قیادت اس امر کی عکاس ہے کہ آپ نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ دینی و ملی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں صرف کیا۔
مولانا سلفی ؒ کا تعلق ایک معروف علمی و دینی خاندان سے تھا۔ آپ کے خاندانی تعارف میں آپ کے دادا مولانا عبد الوہابؒ، والد امام عبد الستار ؒ اور امیر ثانی بڑے بھائی مولانا عبد الغفار سلفی ؒجیسی علمی شخصیات کا ذکر ملتا ہے۔ آپ کے چچا مولانا عبد الواحدؒ امیر جماعت ہند رہے، جبکہ دوسرے چچا مولانا مفتی عبد القہار ؒ اہل حدیث مفتی اعظم کے منصب پر فائز رہے۔
یہ علمی و دینی پس منظر آپ کے خاندانی تعارف کا اہم حصہ ہے، تاہم کسی شخصیت کی اصل قدر و منزلت اس کے اپنے ایمان، کردار، اعمال اور خدمات سے متعین ہوتی ہے۔ حضرت نے بھی اپنی زندگی میں تدریس، جماعتی قیادت اور دعوتی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی شناخت قائم کی۔
آپ کی زندگی قرآن مجید کی تلاوت، درسِ حدیث نبوی اور دینی تعلیم و تربیت سے گہری وابستگی کی حامل تھی۔ آپ طویل عرصے تک حدیثِ نبوی کے دروس دیتے رہے اور بیماری کے باوجود تدریسی سلسلے کو جاری رکھا۔ آپ کے دروس سے علماء، طلبہ، طالبات اور عام لوگوں نے استفادہ کیا۔ ایک طویل عرصے تک طالبات کو بھی درسِ حدیث ارشاد فرماتے رہے۔ آپ کی یہ خدمت قرآن و سنّت کی تعلیم کو مختلف طبقات تک پہنچانے کی ایک اہم کوشش تھی۔
مولانا عبد الرحمن سلفی رحمہ اللہ کے دینی روابط پاکستان تک محدود نہیں تھے۔ آپ کی دعوت پر امام کعبہ شیخ عبد اللہ سبیل رحمہ اللہ متعدد مرتبہ پاکستان تشریف لائے۔ مولانا سلفی ؒ نمازِ جمعہ اور عیدین کے بڑے اجتماعات میں امامت و خطابت کے فرائض انجام دیتے رہے۔ بالخصوص کراچی کے کے ایم سی گراؤنڈ میں نمازِ عیدین کے اجتماعات میں آپ کی امامت کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد شریک ہوتی تھی۔
حضرت کی علمی خدمات میں اخبارات کے ذریعے دینی تعلیمات کی اشاعت بھی شامل تھی۔ تقریباً تیس سال تک ملک کے رسائل و جرائد اور اخبارات میں آپ کے دینی مضامین اور قرآن مجید کے خلاصے شائع ہوتے رہے۔ ان مضامین کو مرتب کروانے اور شائع کرانے کی ذمہ داری راقم الحروف پر تھی۔ یہ خدمت اس اعتبار سے اہم تھی کہ اخبارات کے ذریعے دینی تعلیمات ایسے قارئین تک بھی پہنچتی ہیں جو باقاعدہ علمی مجالس میں شریک نہیں ہو سکتے۔
قرآن مجید کے خلاصوں اور دینی مضامین کی اشاعت لوگوں میں دینی شعور بیدار کرنے اور انہیں قرآن کے پیغام سے قریب کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ آپ کی زندگی کے بہت سے عظیم پہلو ہیں چند کا ذکر کیا جاسکتا ہے۔ ایک نمایاں پہلو مختلف علمی، دینی، سیاسی اور سماجی شخصیات سے ان کے روابط تھے۔
مولانا عبد الرحمن سلفی رحمہ اللہ کی نمازِ جنازہ 20 اکتوبر 2026 ، بعد نمازِ عشاء جامع مسجد محمدی، بزنس روڈ، کراچی میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر علمائے کرام، مشائخ عظام، دینی و سیاسی رہنماؤں، حکومتی شخصیات، مدارس کے طلبا متعلقین اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نماز جنازہ حضرت کے چھوٹے بھائی مولانا پروفیسر حافظ محمد سلفی نے پڑھائی۔
حضرت کی دینی، علمی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کی وفات کو اہلِ علم اور دینی حلقوں کے لیے بڑا نقصان قرار دیا گیا۔ اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ مولانا سے مختلف دینی و سماجی حلقوں کے افراد وابستہ تھے اور ان کی وفات پر متعدد حلقوں میں رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
مولانا عبد الرحمن سلفی ؒ کی وفات پر مسجد نبوی ؐمیں بھی نمازِ عشاء کے بعد غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ اللہ تعالیٰ حضرت کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔(آمین)