تفہیم المسائل
سوال: پاکستان میں اخبار پڑھنے کے علاوہ ردی اور صفائی وغیرہ کے کاموں میں بھی استعمال ہوتا ہے، اخبار کے صفحات پر قرآنی آیات اور احادیث بھی درج ہوتی ہیں، اخبار کے غیر ضروری استعمال سے قرآنی آیات کی بے حرمتی ہوتی ہے، کیا اخبار میں قرآنی آیات دینا ضروری ہیں؟ (زینب، کراچی)
جواب: قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، اور اس کی تکریم ہر مومن پر لازم ہے، بلکہ اس کے ایک ایک حرف کی تعظیم لازمی ہے اور کسی بھی قسم کی دانستہ بے حرمتی ایمان سے محروم ہونے کا سبب ہے، بلکہ مُصْحَف کے علاوہ کہیں بھی اور کسی بھی چیز پر قرآنی آیات تحریر ہوں تو اس کا بھی ادب اور تعظیم لازمی ہے اور بے وضو ان کو ہاتھ لگانا ناجائز ہے۔
اخبارات میں درج قرآنی آیات کا بھی یہی حکم ہے۔ اخبارات میں قرآنی آیات شائع نہیں کرنی چاہئیں، ضرورت کے تحت آیات کے تراجم اور مفہوم پر اکتفا کیاجائے اور اُس کے بھی احترام کی ہدایت درج کی جائے۔
ایسا کاغذ جس پر آیاتِ قرآنی، اسمائے الٰہی وغیرہ درج ہوں، اُنہیں کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال کرنا یا اُن کی پڑیا وغیرہ بنانا مکروہ ہے، علامہ نظام الدین ؒ لکھتے ہیں: ’’ جس کاغذ پر اللہ تعالیٰ کام نامِ مبارک درج ہو، اس میں کوئی چیز رکھنا (خلافِ ادب ہونے کی بناپر)مکروہ ہے، خواہ وہ تحریر اُس کاغذ کے اندر(کی جانب) ہو یا باہر درج ہو، تھیلی پر اسمائے الٰہی لکھے ہوں، اس میں روپیہ رکھنا مکروہ نہیں ہے، جیسا کہ ’’مُلتقط‘‘ میں ہے‘‘ ۔
آگے چل کر لکھتے ہیں: ’’ایسا کاغذ جس پر فقہی عبارات درج ہوں، اُن میں کسی چیز کو لپیٹنا جائز نہیں ہے اور جس چیز پر علم الکلام (یعنی عقائد کے مسائل) درج ہوں، اس میں تو بطریقِ اَولیٰ ایسا نہیں کرنا چاہیے، (فتاویٰ عالمگیری، جلد5) کیونکہ علم العقائدکی کتابوں میں لازما ً اللہ تعالیٰ ،انبیائے کرام علیہم السلام قرآن وحدیث اور دیگر مُقدسات کے حوالے آتے ہیں۔ اس سلسلے میں ضروری اُمور یہ ہیں:
(الف):عام مشاہدہ یہ ہے کہ اخبارات و جرائد میں درج آیاتِ قرآنی یا اُن کے تراجم، اسمائے مبارکہ کی بے حرمتی معمول بن گئی ہے۔ حکومت، اخباری اداروں اور عام مسلمانوں کو اس سنگینی کا پورا پورا احساس کرنا چاہئے، عوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ یہ شعور اجاگر کیاجائے اور قرآنی آیات کے احترام کی بابت مسلسل اور نمایاں طور پر تشہیرکی جاتی رہے۔
(ب):سرکاری سطح پر مُقدّس اوراق کی حفاظت کے لئے مساجد، رفاہی اداروں اور عام شاہراہوں پر جگہ جگہ کنستر رکھوا دئیے جائیں اور عوام کو ہدایت کی جائے کہ جس کو بھی کسی جگہ ایسا قابلِ احترام کاغذ پڑا ہوا ملے، اسے ان ڈبوں میں محفوظ کردیا جائے اور مناسب وقت پر اُن کے خالی کرانے کا اہتمام ہونا چاہیے۔ بہت سی انجمنیں انفرادی طور پر یہ خدمات انجام دے رہی ہیں، اُن کی سرپرستی کرکے اس کام میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
(ج): ایسے کاغذات کو تلف کرنے کی مختلف صورتوں مثلاً زمین میں دفن کرنے یا بہتے ہوئے پانی یا سمندر میں ڈال دینے یا کیمیکل سے ان کی روشنائی اور تحریر مٹانے کے بعد بقیہ اوراق کو جلادینے کو فقہاء نے جائز قرار دیا ہے۔ زمین میں دفن کرنے کی صورت میں لحد بنائی جائے یاگڑھے میں ڈال کر اس کے اوپر چھت ڈال دی جائے۔ موجودہ دور میں بہترین صورت یہ ہے کہ کیمیکل کے ذریعے مطبوعہ حروف کو مٹا دیا جائے اور اس کیمیکل سیّال مادّے کوکسی گہرے گڑھے میں بہا دیا جائے۔
اس طرح جو کچھ باقی بچے گا، وہ کاغذ نہیں رہے گا، بلکہ گودے (Pulp)کی شکل میں ہوگا، اُس کی ماہیّت بدل جائے گی، اس کے بارے میں ہمارا موقف یہ ہے کہ ماہیّت کے بدل جانے کے بعد چیز کا حکم بھی بدل جاتا ہے، لہٰذا اب وہ اوراق قرآن نہیں ہیں۔
پس انہیں دوبارہ کارآمد بناکر یعنی Recycling کرکے کام میں لایا جاسکتا ہے، خواہ اس گودے سے کاغذ بنایا جائے یا گتا بنایا جائے یا کوئی اور چیز، غرض Recycling کے بعد اس کا استعمال جائز ہے، اس کے لیے تفصیلی اور مُدلل فتویٰ ہمارے مجموعۂ فتاویٰ ’’تفہیم المسائل ‘‘ جلدششم ،ص:480میں موجود ہے، اہلِ علم اور فہمِ دین میں دلچسپی رکھنے والے حضرات اس کا مطالعہ فرمائیں۔