تفہیم المسائل
سوال: اگر زمین پر نجاست لگ جائے اور وہ نجاست خشک ہوجانے کے بعد کیا اس زمین سے تیمم کیا جاسکتا ہے؟ (حیدر علی)
جواب: ایسی زمین جس پر کوئی ٹھوس نجاست گری (جیسے انسان کا بول وبراز، جانور کا گوبر وغیرہ) اور خشک ہوگیا، اس سے تیمم نہیں کرسکتے، اگرچہ نجاست کا اثر باقی نہ ہو۔
علامہ نظام الدین ؒ لکھتے ہیں: اَلأَرضُ إِذَا أَصَابَتُہَا النِّجَاسَۃُ فَیبِستْ وَذَہَبَ أَثرُہَا لاَیَجُوزُ التَّیَمَّمُ بِہَا،کَذَا فِی’’فَتَاویٰ قاضی خان‘‘.:’’زمین پر نجاست گری اور خشک ہوگئی، اس سے تیمم نہیں کرسکتے اگرچہ نجاست کا اثر باقی نہ ہو، ’’فتاویٰ قاضی خان ‘‘ میں بھی اسی طرح ہے ، (فتاویٰ عالمگیری، جلداول،ص:26)‘‘۔
اس جگہ پر مصلّی وغیرہ بچھا ہو تو نماز ادا کرسکتے ہیں۔ البتہ اگر کسی انسان یا جانور نے پیشاب کیا ہو اور سورج کی گرمی سے وہ زمین خشک ہوگئی ہو، تو اس پر نماز پڑھ سکتے ہیں، کیونکہ مائع کا ٹھوس وجود نہیں ہوتا اور وہ دھوپ کی حرارت سے بخارات بن کر اُڑ جاتا ہے۔