• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کیلئے ڈیل ہے نہ ڈھیل، بانی PTI کی رہائی کیلئے واحد راستہ عدالتیں ہیں، حکومت

کراچی /اسلام آباد، راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر، حافظ وسیم، ایجنسیاں) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کیلئے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل ہے نہ ڈھیل، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں، سلمان صفدر ایک وکیل مگر میڈیا میں ماہر طب کا کردار ادا کررہے تھے، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اپوزیشن سے جھگڑوں کے بجائے اتحادیوں کا اعتماد بحال کریں، امیروں کے بجائے غریبوں کی سنیں، سیاست کو ری سیٹ کرنا پڑیگا، ملک کو اس وقت بدترین معاشی بحران کا سامنا، عوام مسائل کے حل کیلئے سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ملکر تحریک چلانے کی بات ابھی قبل ازوقت ہے،عمران خان سے ملاقاتیں بحال ہوتیں تو آج حالات اتنے خراب نہ ہوتے۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے کی سہولت حاصل ہے اور بیرسٹر سلمان صفدر ایک وکیل ہے مگر وہ میڈیا میں ماہر طب کا کردار ادا کررہے تھے۔اگر سلمان صفدر قانونی نکات پر توجہ دیں گے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن ہوسکے گی، سلمان صفدر نے اعتراف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو میڈیکل چیک اپ کی سہولت میسر ہے۔ حکومت نہ پہلے بانی پی ٹی آئی کے علاج سے غافل تھی نہ آئندہ کوئی غفلت بھرتی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کو اسپتال لانے کے سپریم کورٹ کے حکم سے پہلے انہیں 6 بار اسپتال لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر کے معاملہ میں جب ضرورت پڑی تو لندن سے ڈاکٹر بلایا گیا، عمران خان کا علاج اس معیار کے مطابق کیا گیا جو ان کیلئے ضروری تھا۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ جب تک خیبرپختونخوا میں ممکنہ اہداف حاصل نہیں کرلیتے وہاں ایمرجنسی کا نفاذ رہیگا۔ حکومت کے پاس اب خیبرپختونخوا میں ناکامی کا کوئی آپشن موجود نہیں، ریاست اور ریاستی ادارے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پی ٹی آئی کا مکمل عدم تعاون رہا ہے۔دوسری جانب بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم سیاست میں عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں ان پر حکمرانی کرنے نہیں آئے۔ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ری ہیبیلیٹیشن کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج سندھ حکومت نے تاریخ رقم کی ہے، دنیا میں یہ ہاؤسنگ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور دنیا معاشی بحران سے گزر رہے ہیں، معاشی بحران اور بیروزگاری میں یہ گھر ایک تحفظ فراہم کرتا ہے، ہم نے صرف گھر نہیں بنایا بلکہ لوگوں کو گھر کا مالک بنایا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ سیاستدان سمجھتے ہیں امیر طبقے کو ریسیٹ کریں، میں سمجھتا ہوں غریب عوام کو ریسیٹ کریں اس سے ملک ترقی کریگا، کاروباری اور امیر طبقے کے کہنے پر نہیں بلکہ غریب آدمی کے کہنے پر چلیں تو ملک ترقی کریگا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ سندھ حکومت کی کردار کشی کی جاتی ہے، ہمارے مخالفین کہہ رہے تھے ہم پیسا بنانےکیلئے محنت کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ سے کہتا ہوں کرپشن کی مانیٹرنگ کرنے والوں کو کہیں اس منصوبے کی مانیٹرنگ کریں، دعویٰ کرتا ہوں اس ہاؤسنگ منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔ ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر تحریک چلانے کی بات ابھی قبل ازوقت ہے، آگے بڑھیں گے تو سیاسی صورتحال واضح ہو جائے گی۔ اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کر رہے بلکہ بھرپور حصہ لیں گے، حکومت اور وزیر داخلہ سے رابطے ہوتے رہتے ہیں، رابطہ رکھنا ہماری مجبوری ہے کیونکہ ہمارے لیے تمام راستے بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر طرف خاموشی ہے، بیک ڈور پر بھی خاموشی ہے اور مذاکرات بھی نہیں ہو رہے، میں جس طرف بھی کھیلتا ہوں بانی پی ٹی آئی کیلئے کھیلتا ہوں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تجاوزات کسی صورت نہیں ہونی چاہئیں، خیبرپختونخوا میں تجاوزات کیخلاف آپریشن یکساں ہونا چاہیے، اگر کسی نے سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہے تو اسے ختم ہونا چاہئے۔

اہم خبریں سے مزید