راولپنڈی (حافظ وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) سینٹرل جیل راولپنڈی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ان کے وکلاء نے تفصیلی ملاقات کی ،جیل ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ہونے والی ملاقات 2گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہی ، 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں اور دیگر قانونی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی ، ادھر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سیر حاصل رہی اور تمام معاملات پر گفتگو ہوئی، 28ویں ترمیم پر بھی بات ہوئی لیکن اس پر بات نہیں کروں گا، کل ہم ملاقات کی تفصیل لکھیں گے اور یہ سب آپ کے سامنے آشکار ہوجائے گا،دریں اثناء عمران خان کو آنکھوں کے فالو اَپ ٹریٹمنٹ کیلئے رات گئے اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزاسلام آباد منتقل کیا گیا،جہاں ان کا میڈیکل چیک اپ بھی ہوا،بعدازاں انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کی درخواست پر انہیں اپنے موکلین سے ملنے کی ہدایت جاری کی تھی۔