• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکٹرک رکشوں اور بائیکیا سروس سے رکشہ ڈرائیوروں کا روزگار متاثر

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے رکشہ ڈرائیوروں نے الیکٹرک رکشوں کے متعارف کرانے اور بائیکیا سروس کے آغاز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی پرمٹ ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر کیے جانے والے فیصلوں سے ان کا پہلے سے متاثرہ کاروبار مزید مشکلات کا شکار ہو رہا ہے۔ ڈرائیوروں کے مطابق ماضی میں اٹلی کے روایتی رکشوں کی جگہ نئے ماڈل کے رکشے متعارف کرائے گئے تو انہوں نے حکومتی پالیسیوں اور نظام کے تحت لاکھوں روپے خرچ کرکے رکشے پرمٹ سمیت خریدے تاکہ باعزت طریقے سے روزگار کما سکیں تاہم اب شہر میں ہزاروں کی تعداد میں مبینہ غیر قانونی رکشے بھی سڑکوں پر چل رہے ہیں، جس کے باعث قانونی پرمٹ رکھنے والے ڈرائیوروں کا کاروبار پہلے ہی متاثر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف غیر قانونی رکشوں کی بھرمار نے ان کے لیے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں تو دوسری جانب حکومت کی جانب سے الیکٹرک رکشے متعارف کرانے اور شہر میں بائیکیا سروس شروع ہونے سے ان کے روزگار کے مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ رکشہ ڈرائیوروں نے سوال اٹھایا کہ جن افراد نے اپنی جمع پونجی اور قرض لے کر لاکھوں روپے کے عوض رکشے اور قانونی پرمٹ خریدے، ان کے مستقبل اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ روزگار کے ذرائع میں تبدیلی اور نئی ٹرانسپورٹ سروسز کے آغاز سے قبل موجودہ قانونی پرمٹ ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، بصورت دیگر ہزاروں رکشہ ڈرائیور معاشی مشکلات سے دوچار ہو سکتے ہیں اور ان کے خاندانوں کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا بھی دشوار ہو جائے گا۔ ڈرائیوروں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ الیکٹرک رکشوں اور بائیکیا سروس سے متعلق پالیسی مرتب کرتے وقت قانونی رکشہ پرمٹ ہولڈرز کے تحفظات سنے جائیں۔
کوئٹہ سے مزید