• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، سیکرٹری تعلیم

کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ 2026 کا فائنل میچ اقرا روزة القران للاطفال اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ہزارہ سوسائٹی کے مابین کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری تعلیم بلوچستان لعل جان جعفر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی سیکرٹری کھیل درا بلوچ، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز یاسر بازئی ،اسپیشل سیکرٹری تعلیم رضوان قدیر، ڈپٹی سیکرٹری تعلیم جاوید کرد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر نصیر احمد شاہ، ، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید امین شاہ اور اقراءاسکولز کے ضلعی صدر محمد شاکر سمیت دیگر اعلیٰ حکام، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیم سکولز لعل جان جعفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل طلبہ کی تعلیم و تربیت کا ایک اہم حصہ ہیں۔ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، خود اعتمادی، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی اور ذہنی طور پر بھی صحت مند رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کے وژن کے مطابق حکومت بلوچستان نوجوان نسل کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور تعلیمی اداروں میں مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل درا بلوچ نے کہا کہ ہاکی بلوچستان کا ایک اہم کھیل ہے اور اسکولوں کی سطح پر اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور تربیت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے میدان نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے، صحت مند معاشرے کی تشکیل اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہیں۔ اسکولوں میں کھیلوں کے لیے مناسب سہولیات، کھیل کے میدانوں کی بہتری، معیاری کھیلوں کے سامان کی فراہمی اور طلبہ کو ضلعی، صوبائی اور قومی سطح کے مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب کے آخر میں سیکرٹری تعلیم اسکولز لعل جان جعفر نے ونر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ہزارہ سوسائٹی رنراپ ،اقرا روزة القران للاطفال کی ٹیموں اور ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔
کوئٹہ سے مزید