کراچی (نیوز ڈیسک) ایران نے بحرین پر ایک بار پھر بمباری کردی، پاسدارن انقلاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے بحرین میں امریکی ریڈار کو نشانہ بنایا ہے ،بحرینی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے تہران کے حملے کو ناکام بنادیا ، امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام نے بھی ایران کےد عوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے بحرین کی جانب بڑھنے والے ایرانی ڈرونز کو فضا میں تباہ کردیا، ایرانی عہدیدار کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز میں واقع ایران کے جنوبی جزیرے قشم پر متعدد حملے کئے ہیں، پاسداران کے مطابق اس کی ایرو اسپیس فورس نے جزیرہ قشم کے جنوب میں امریکا کا ایک جاسوس اور جنگی ڈرون تباہ کر دیا ہے،ایرانی بحریہ نے کہا ہے کہ منگل کے روز تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہو گئے، ایران نے متعدد امریکی میڈیا اداروں کی ان رپورٹس کو مسترد کیا ہے، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تہران واشنگٹن ڈی سی کو کیمیکل ’ڈرٹی بم‘ سے نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر ایسا کوئی منصوبہ موجود ہے تو ایران کو ’ایسی قیمت چکانا پڑے گی جیسی اس سے پہلے کسی ملک نے کبھی نہیں چکائی ہوگی۔