کراچی (بابر علی اعوان) جناح اسپتال کراچی میں بلوچستان کے ضلع جھل مگسی سے تعلق رکھنے والا 20سالہ نوجوان ریبیز کے باعث انتقال کرگیا، جس کے بعد رواں سال جناح اور انڈس اسپتال کراچی میں اس مہلک مرض سے جاں بحق افراد کی تعداد 43 ہوگئی ہے۔ جناح اسپتال حکام کے مطابق عرفان ولد غوث بخش کو 17نومبر کو تشویشناک حالت میں ایمرجنسی لایا گیا تھا، اسے تیز بخار، چڑچڑاپن، پانی سے خوف اور نگلنے میں دشواری کی شکایات تھیں۔ حکام کے مطابق نوجوان کو تقریباً دو ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، تاہم اس نے ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین یا کوئی حفاظتی علاج نہیں کروایا تھا۔