• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ پریس کلب کے دیرینہ تنازعے کے حل کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت

پشاور (جنگ نیوز) گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری، ثمر ہارون بلور سے چارسدہ کے دو صحافتی وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں چارسدہ کی صحافی برادری کے درمیان عرصہ دراز سے جاری تنازعے، اختلافات اور متعلقہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وفود نے اپنے اپنے مؤقف، تحفظات اور مطالبات مشیر اطلاعات کے سامنے پیش کیے۔ ملاقاتوں کے موقع پر سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ محمد انور خان اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ انصار خلجی بھی موجود تھے۔ ثمر ہارون بلور نے چارسدہ پریس کلب کے دیرینہ تنازعے کے مستقل حل کے لیے محکمہ اطلاعات کو کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی سب سے پہلے چارسدہ پریس کلب کا دورہ کرے گی اور تمام فریقین کا مؤقف سن کر معاملے کا جائزہ لے گی۔مشیر برائے گورنر کا کہنا تھا کہ چارسدہ پریس کلب کا دیرینہ مسئلہ ذاتی پسند و ناپسند کے بجائے میرٹ اور طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق حل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافی کی مقررہ تعریف پر پورا نہ اترنے والے افراد اور سرکاری ملازمین پریس کلب کی رکنیت کے اہل نہیں ہوں گے، صرف حقیقی اور فعال ورکنگ جرنلسٹس کی رکنیت یقینی بنائی جائے۔
پشاور سے مزید