پشاور (جنگ نیوز)خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایات پر پشاور شہر میں ٹریفک اژدہام پر قابو پانے، غیر قانونی رکشوں کے خاتمے، قانونی رکشوں کے لیے قواعد و ضوابط مرتب کرنے اور اہم شاہراہوں سمیت بی آر ٹی روٹس پر رکشوں کی آمدورفت محدود کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کمشنر پشاور آفس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ٹریفک کے حوالے سیتمام متعلقہ اداروں کو جامع حکمت عملی اور مکمل تیاری یقینی بنانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی گئی ہے۔اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ پشاور، ٹریفک پولیس، ٹریفک مجسٹریٹس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے)، بلدیاتی حکام، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ ایکسائز اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ابتدائی غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبا کو کم کرنے کے لیے رکشوں کی قانونی حیثیت کی جانچ، غیر قانونی رکشوں کے خاتمے، قانونی رکشوں کے لیے قواعد و ضوابط کی تشکیل، مختلف شاہراہوں پر رکشوں کے روٹس مختص کرنے اور آمدورفت کے اوقات مقرر کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔