پشاور(جنگ نیوز)مشیر زکوٰۃ و عشر، اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی کی زیر صدارت محکمہ زکوٰۃ و عشر کے فلیگ شپ منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود، زکوٰۃ و عشر معتصم باللہ شاہ ، ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ مبشر رضا سمیت متعلقہ حکام کی شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ زکوۃ و عشر کے فلیگ شپ اور ریگولر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں مشیر زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے احساس امید پروگرام، روشن مستقبل پروگرام اور سہارا کارڈ کے مستحقین کی ازسرنو اسکرونٹی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترجیحی منصوبوں میں صحیح حقدار کے انتخاب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مستحقین کے انتخاب اور امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل میں موجود خامیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔مولانا طیب قریشی نے کہا کہ زکوٰۃ کی تقسیم میں کسی مستحق کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے۔ زکوٰۃ کی تقسیم بلا تفریق اور سیاست سے بالاتر ہوکر کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امدادی رقوم حقیقی اور مستحق افراد تک پہنچیں۔