• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمکنی، نئی نویلی دلہن کا قتل کیس، شوہر اور سسر نے بجلی کرنٹ سے جاں بحق ہونے کا ڈرامہ رچایا

پشاور (کرائم رپورٹر) تھانہ چمکنی کے علاقے گڑھی عیسیٰ خان میں نئی نویلی دلہن کو پھانسی دیکر قتل کیے جانے کے کیس میں مزید انکشافات سامنے آ گئے، مقتولہ پر تشدد کا بھی انکشاف ہوا ہے جبکہ ابتداء میں ملزم شوہر اور سسر نے ڈرامہ رچایا کہ وہ بجلی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق راز محمد ساکن گڑھی عیسیٰ خان نے شادی شدہ بیٹی مسماۃ (ر) کی مبینہ خودکشی کی رپورٹ کی تاہم میڈیکل اور پوسٹمارٹم رپورٹ نے ملزموں کا پول کھول دیا تھا۔ ڈی ایس پی محمد اشفاق نے بتایاکہ خاتون کے گلے میں مبینہ طور پر پھندہ ڈال کر پھانسی دی گئی، تاہم تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا تووہاں برتن ٹوٹے ہوئے پڑے تھے جبکہ پوسٹمارٹم رپورٹ میں بھی پھانسی دینے کی تصدیق ہوئی ہے۔ مقتولہ کے والد نے میڈیا کو بتایاکہ 17سالہ بیٹی کا تقریبا چارماہ قبل صداقت سے شادی ہوئی تاہم اسے شک کی بناء پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا جس پر وہ بیٹی کو گھر لے گیا۔ بعد میں جرگہ کے ذریعے اسے گھرلایا گیا اور وہاں دوبارہ اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو شک تھا کہ وہ موبائل فون پر کسی سے بات کرتی ہے، پولیس نے ملزم صداقت اور رفیق کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو واردات کے بعد فرار ہیں۔
پشاور سے مزید