پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے داخلہ و قبائلی امور، خوراک اور ویمن ایمپاورمنٹ کفایت اللہ خان نے محکمہ خوراک کو تمام مالی حسابات، بینک ریکارڈ اور زیرِ التوا واجبات کی تطبیق 30 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سرکاری وسائل کے استعمال اور آٹے کی تقسیم میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ ہدایات بدھ کو اپنے دفتر میں محکمہ خوراک کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک نثار، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گندم کے ذخائر، ضلع وار آٹے کے کوٹے، ترسیل، مالی حسابات اور زیرِ التوا ادائیگیوں کا جائزہ لیا گیا۔مشیرِ گورنر نے حکام کو ہدایت کی کہ گندم کے ابتدائی و اختتامی ذخائر، گوداموں میں موجود اسٹاک، ترسیلی ریکارڈ اور ادائیگیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی یا سرکاری وسائل کے ضیاع کا امکان نہ رہے۔اجلاس میں کوہستان، اپر کوہستان، تورغر، شانگلہ اور چترال سمیت مختلف اضلاع کو آٹے کی فراہمی اور ترسیل کے مسائل بھی زیرِ بحث آئے۔ گاڑیوں کی دستیابی، گوداموں کی گنجائش، لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کفایت اللہ خان نے ہدایت کی کہ ہر ضلع کو اس کی ضرورت اور مختص کوٹے کے مطابق آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ترسیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔