پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے معدنیات، سیاحت و ثقافت، کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ کی زیر صدارت کمشنریٹ آف مائنز لیبر ویلفیئر کا صوبے کے کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے جاری فلاحی سکیموں اور اقدامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مشیر کو کمشنریٹ آف مائنز لیبر ویلفیئر کے مینڈیٹ، متعلقہ ایکٹ، مائنز ویلفیئر بورڈ، ایکسائز ڈیوٹی کے استعمال اور کان کن مزدوروں کے لیے فراہم کی جانے والی مختلف فلاحی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کان کن مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تعلیمی وظائف، شادی گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، مستقل معذوری کی صورت میں مالی معاوضہ، زیر تربیت کان کن مزدوروں کے لیے وظیفہ اور دیگر فلاحی سکیمیں فراہم کی جا رہی ہیں۔اجلاس کو کمشنریٹ کے انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (IMS) کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں خیبر پختونخوا میں کان کن مزدوروں کے لیے نسبتاً زیادہ فلاحی سکیمیں اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔