کراچی /دوحا (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دےدی۔ نئے میچ ونر حسن نواز اس بار بھی اپنی کارکردگی کی دھاک بٹھاگئے۔ انہوں نے 62 رنز بنائے جبکہ اپنی آف اسپن سے دو وکٹ بھی حاصل کیے، وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ شاہ زیب خان نے 50 ، کپتان عبدالصمد نے جارحانہ 44 جبکہ فرحان یوسف نے ناٹ آئوٹ 46 رنز اسکور کیے۔ ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد حسن نواز اور شاہ زیب خان نے تیسری وکٹ پر 110 رنز جوڑے۔ بعد میں عبدالصمد اور فرحان یوسف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ سے فتح کی راہ ہموار کی ۔ قبل ازیں بنگلہ دیش اے نے 8 وکٹوں پر 232 رنز بنائے۔ شہادت حسین 103 رنزپر ناٹ آؤٹ رہے۔ مہدی الاسلام انکن 42 ، ایس ایم محراب 28، رکیب الحسن 10، رِپون مونڈول ناٹ آئوٹ 19 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بیٹر تھے۔ سفیان مقیم نے 29رنز کے عوض3، علی رضا اور حسن نواز نے 2، 2 جبکہ احمد دانیال نے 1 وکٹ حاصل کی۔