کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے ہنستے کھیلتے کو شکست دیدی۔ اوپنرزکروسپلے اورجیاوردھنے کی سنچریوں کی بدولت 318 رنز کاہدف دووکٹ پر پورا کرکے بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملادیا۔ سیمی فائنل میں اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دوحا میں جمعرات کو بھارت اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 317 رنز بنائے۔ شہباز احمد نے 4 چھکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر ناقابل شکست 54 رنز بنائے۔سوریا ونشی اورابھیشک شرما نے پہلی وکٹ پر80رنز بنائے۔ابھیشیک شرما نے63گیندوں پر78رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور گیارہ چوکے شامل تھے۔سوریا ونشی نے27گیندوں پر40رنز اسکور کئے انہوں نےتین چھکے اور چار چوکے مارے۔کپتان تلک ورما نے 66گیندوں پر53رنز کی اننگز کھیلی۔ کمار کشاگرا21 ، رنکو سنگھ 12، تونیش کوتن نے 28رنز بنائے۔ ہرشت رانا کوئی رن نہیں بناسکے۔ لیانگے اوردھنیجا نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ جواب میں کروسپلے اور جیاوردھنے کی طوفانی بیٹنگ نے بھارتی ٹیم کی تمام امیدیں ختم کردیں۔انہوں نے ٹیم کو 174 رنز کاآغاز فراہم کیا، ٹیم نے ہدف 41.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ لاسیتھ کروسپلے 116، سینیتھ جیاوردھنے نے 105 رنزبنائے، نشان مدوشکا 58 اور کپتان پون رتنائیکے 31 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ ہرشت رانا نے 61 رنزدےکر ایک وکٹ لی۔