کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی گولڈ کے پانچویں راؤنڈ کے دوسرے روز جمعے کو فاٹا نے فیصل آباد کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے آفاق آفریدی نے 70 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔ فاٹا نے 135 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ایبٹ آباد میں کراچی بلوز نے عبداللہ فضل کی ڈبل سنچری کی بدولت سات وکٹ پر 495 رنز بناکرلاہوروائٹس کے خلاف پہلی اننگز میں 372 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ اسلام آباد میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ شعیب اختر جونیئر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سیالکوٹ بلوز نے محمد طیب عارف کے 110 اور محمد ہریرہ کے ناقابلِ شکست 103 رنز کی بدولت ایک وکٹ پر 238 رنز بنالیے۔ ادھر پشاور بلوز نے نبی گل کے 185، محمد حارث کے ناقابلِ شکست 100 اور محمد رضوان کے 61 رنز کی بدولت 8 وکٹوں پر 505 رنز بناکر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔