پشاور (سٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان کے حکم پر پشاور سمیت صوبہ بھر میں قائد جمعیت کی نظربندی اور مرکزی و صوبائی رہنماؤں کی گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے پارٹی قائدین کی رہائی اور مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ خیبرپختونخوا میں جے یو آئی کی مرکزی احتجاجی ریلی مفتی محمود مرکز پشاور سے نکالی گئی جس کی قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش نے کی ، مظاہرین نے کبوتر چوک تک ریلی نکالی جہاں احتجاجی جلسے کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ،چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی ، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ ،بٹگرام، تورغر، کوہستان اپر ولوئر کولی پالس، شانگلہ، سوات، دیر بالا ،چترال، ملاکنڈ ، کوہاٹ ،ھنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈی ائی خان میں بھی پنجاب حکومت کے اقدامات اور گرفتاریوں کیخلاف احتجاجی مظاہروں انعقاد کیا گیا ، احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی قائدین کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نےقائد جمعیت کے سوالوں کا جواب دینے کی بجائے غیر اخلاقی طریقہ اختیار کرتے ہوئے نہ صرف جے یوآئی کا میڈیا ٹرائل کیا بلکہ قائدین اور کارکنوں کو اپنے ماتحت اداروں کے ذریعے نوٹس بھیجے گئے اور کارکنوں و عہدے داروں کو گرفتار کرکے دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے ،مقررین نے کہا کہ سرگودھا میں کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کے لئے جمعیت کے قائدین کے خلاف کریک ڈاؤن کیاگیا جبکہ پرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی اور سینکڑوں کارکنوں گرفتار کیا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا۔