پشاور(جنگ نیوز) صوبائی مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس) کے افسر جاوید خان مروت اور پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کے افسر اول خان کی گراں قدر خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے کے اعتراف میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں دونوں افسران کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر پولیس سروس آف پاکستان کے سابق افسر اور گڈ گورننس فورم کے چیئرمین ڈاکٹر سید اختر علی شاہ، سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ منظور خان، پی ایم ایس کے سینئر افسر اسرار خان، پولیس سروس آف پاکستان کے سینئر افسر ڈاکٹر فصیح الدین اشرف، ایڈیشنل آئی جی پولیس ہیڈکوارٹرز عالم خان شنواری ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس محمد علی گنڈاپور، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کی المنائی ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر گل بہادر خان، فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ حلیم، امورِ حکمرانی کے ماہر اشرف صراف اور ترقیاتی امور کے ماہر و گڈ گورننس فورم کے ڈائریکٹر سید خضر علی شاہ نے دونوں ممتاز سول افسران کو ان کی خدمات پر شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے عزت، وقار اور شائستگی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے۔ڈاکٹر سید اختر علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوامی خدمت کی اعلیٰ اقدار اور تابندہ روایات کو زندہ رکھنا اور ان شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے جنہوں نے اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی میں ان اقدار کی پاسداری کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں افسران اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک شاندار باب مکمل کرنے کے بعد اب زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں، جس میں معاشرہ ان کے وسیع تجربے، علم اور دانش سے بدستور مستفید ہو سکتا ہے۔