پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور پریس کلب کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) پشاور کے تعاون سے جاری یو ای ٹی میڈیا کرکٹ لیگ میں پی پی سی اسٹارز اور پی پی سی قبائل نے اپنے اپنے میچ جیت لیے۔ پہلے میچ میں پی پی سی اسٹارز نے پی پی سی ٹائیگرز کو پانچ وکٹوں جبکہ دوسرے مقابلے میں پی پی سی قبائل نے پی پی سی فائٹرز کو 98 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔پہلے میچ میں پی پی سی ٹائیگرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ آٹھ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز بنائے۔ ناصر علی نے 22 جبکہ شیراز نے 11 رنز اور ظفر نے سات رنز بنائے۔پی پی سی اسٹارز کی جانب سے علی حمزہ نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حسن خورشید نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں پی پی سی اسٹارز نے مطلوبہ 68 رنز کا ہدف سات اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ وحید نے 49 رنز اور ذیشان نے آٹھ رنز بنائے۔ پی پی سی ٹائیگرز کی جانب سے ظفر نے دو جبکہ ناصر علی اور ناصر بنگش نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔