موغادیشو(نیوزڈیسک )صومالی قزاقوں نے یمن کے ساحل کے قریب متحدہ عرب امارات کی ملکیت کا ایک تجارتی بحری جہاز اغوا کرلیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق 6 مسلح قزاق ماہی گیروں کا روپ دھار کر کشتی کے ذریعے یمن پہنچے اور وہاں مقیم صومالی پناہ گزینوں میں چھپ کر کارروائی کی۔برطانوی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق حملہ آوروں نے یمن کے علاقے بلحاف سے 120 کلومیٹر جنوب مغرب میں ایک کارگو جہاز پر قبضہ کیا۔ صومالی ریاست پنٹ لینڈ کے 3 سکیورٹی حکام نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اغوا ہونے والا جہاز ’’ایم وی مارسا ورگو‘‘ ہے، جو متحدہ عرب امارات کی کمپنی مارسا اوشن شپنگ کی ملکیت اور پاناما کے پرچم تلے چل رہا تھا۔حکام کے مطابق قزاق پنٹ لینڈ سے ماہی گیری کی کشتی میں خلیج عدن عبور کرکے یمن پہنچے، جہاں مقامی صومالی باشندوں سے اسلحہ حاصل کرنے کے بعد کارروائی کی۔