• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ بیک وقت مزاحمتی ،مفاہمتی وارداتوں میں مصروف ہے، حسن نثار

ن لیگ بیک وقت مزاحمتی ،مفاہمتی وارداتوں میں مصروف ہے، حسن نثار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ پاکستان کی جمہوریت قابل نفرت ہے، نواز شریف نے مزاحمتی تو شہباز شریف نے مفاہمتی واردات اپنائی ہوئی ہے پی پی اور ن لیگ کو بھی رہنا چاہئے تحریک انصاف کو اجارہ داری نہ ہو ،کشمیر معاملے پر عالمی ضمیر ایک ڈھونگ بن کر رہ گیاہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے یا تو مریخ پر کوئی جاتی امراء بنا لیا ہے کہ وہاں شفٹ ہوجائیں گے یا شاید جیل سے خطاب کریں گے لیکن وہ جہاں سے بھی بات کریں گے جھوٹ ہی بولیں گے، نوا ز شریف اثاثوں کے معاملے میں بڑی ڈھٹائی کا سامنا کر رہے ہیں، نواز شریف خود کو امام خمینی سمجھ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ جہاں سے میں آواز دوں سب نے عمل کرنا ہوگا ، ن لیگ کی حکومت ایک بارجائے تو پھر تماشا دیکھنے والا ہوگا ، ن لیگ کے مستقبل کے حوالے سے حسن نثار کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت تو زندہ رہے گی اور رہنا بھی چاہئے، ایسا کبھی نہیں چاہوں گا کہ تحریک انصاف کو کھلا میدان مل جائے اور ان کی اجارہ داری ہو بلکہ پی پی اور ن لیگ کو بھی رہنا چاہئے لیکن کس طاقت میں ہوگی یہ کہنا قبل ازوقت ہے، ان کا کہنا تھا کہ اپنے کالم میں وضاحت کی ہے کہ یہ جن کی اولاد، جن کی ایجاد اور لاڈلے تھے وہ اب نیوٹرل ہوگئے ہیں اور ان کے کرتوتوں کی بنا پر انہیں مسترد کردیا گیا ہے، ان سے دھاندلی کے بیشتر ہتھیار بھی چھین لئے جائیں گے، نئی حلقہ بندیاں ان کے گلے میں ہڈی کی طرح پھنسیں گی، ان کی بددیانتی عروج پر ہے اور جس کے اندر بھی وطن پرستی ہوگی وہ انہیں چھوڑ دے گا، ن لیگ کے اندرونی تضادات خطرناک صورتحال اختیار کر گئے ہیں،ایک بھائی نے مزاحمتی تو دوسرے نے مفاہمتی واردات اپنائی ہوئی ہے، حسن نثار کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے جو ختم نبوت معاملے پر مکارانہ ٹیمپرنگ کی مسلمان کتنا بھی خطا کار ہو یہ چیز کبھی بھی برداشت نہیں کرسکتا اور بہت سے لوگوں کا میٹر گھوم چکا ہے، ساتھ ہی جو اقتصادی تباہی ہوئی وہ بھی اگلے انتخابات میں ان کو نقصان پہنچائے گی، ن لیگ نے لوڈ شیڈنگ کا بھی ڈھونگ رچایا ہوا ہے ، ان کے جھوٹ مزید بے نقاب ہوں گے، اگر ن لیگ کے ساتھ کوئی اور احد چیمہ جیسا واقعہ ہوا تو ان کا مزید ستیا ناس ہوجائے گا،حسن نثار کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا مستقبل اقتدار کے حوالے سے دکھائی نہیں دیتا جبکہ تحریک انصاف اس وقت جوبن پر ہے اور عمران بہتر ممبر سازی مہم کر رہے ہیں، حسن نثار کا کشمیر کے حوالے سے کہنا تھا کہ کشمیر معاملے پر عالمی ضمیر ایک ڈھونگ ہے،اس وقت انسان اشرف المخلوق نہیں بلکہ درندہ ثابت ہور ہا ہے لیکن اس میں کبھی بھی اشر ف نمودار ہوجاتا ہے اور وہ سولی پر چڑھ جاتا ہے اور وہ یہ کام کسی دوسرے انسان کیلئے کر گزرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ انبیاء کرام اور اولیاء کرام در اصل اشرف امخلوقات کے زمرے میں آتے ہیں، اگر ہم صحیح معنوں میں اشر ف المخلوقات ہوتے تو فلسطین، میانمار اور کشمیر میں اس طرح قتل عام نہ ہورہا ہوتا، ان کا کہنا تھا کہ پہلی جنگ عظیم سے اقوام متحدہ تک سب ڈھونگ ہے، عمران خان کا بیان آصف زرداری بھٹو خاندان کے کیپٹن صفدر ہیں پر حسن نثار نے کہا کہ یہ جملے ایک حد تک دلچسپ ہیں لیکن عمران زیادتی کر گئے ہیں کیونکہ وہ ایک قبائلی سردار کی اولاد میں سے ہے، حاکم زرداری کا بمبینو سینما کوئی پہلا سینما نہیں تھا ، سینما میں بلیک ٹکٹ کا کام صرف آصف زرداری نے نہیں کیاکیونکہ یہ میراذاتی مشاہدہ ہے کہ فیصل آباد کے سینما میں ٹکٹ کو بلیک کرانا تو خود سینما مالکان کا کام تھا ، حسن نثار کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے ساتھ بینظیر سے وابستہ ہونے کے بعد ن لیگیوں کی جانب سے بہت ظلم کا سامنا رہا اوراس میں ماسٹر مائنڈ حسین حقانی تھا۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوریت قابل نفرت ہے، یہاں پچاس ،ستر ہزار ووٹ کی بنیاد میں پارلیمنٹ میں جانے والے ووٹرز کے ساتھ مخلص نہیں بلکہ اس بدمعاش کے ساتھ ہوتی ہے جو ٹکٹ دیتا ہے۔

تازہ ترین