تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: عائشہ صنم خان
ملبوسات: بوتیک ڈاٹ
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: عالیہ نثار
لے آؤٹ: نوید رشید
عالمگیر کی آواز میں اپنے دَور کا ایک دِل نشین سا گیت ہے؎’’شام سے پہلے آنا…دھوپ ساری ڈ ھل رہی ہو…پھول سارے کِھل گئے ہوں…موسم سارے لے آنا…پھر وہی دِن آئے ہیں…جانے کیا لے آئے ہیں…جیون میرا،سارا تیرا…جینا تو اِک بہانہ ہے…ایک تیرے آجانے سے…مِل رہے ہیں زمانے سے…جیون میرا، سارا تیرا…دُور پھر کیا جانا ہے…شام سے پہلے آنا…۔‘‘تو لیجیے،گرم دوپہروں کی نرم سے شاموں کو کچھ حسین و دِل نشین، شوخ و شنگ اور تھوڑا سا اسٹائلش کرنے کا ایک منفرد سا اہتمام ہم بھی کیے دیتے ہیں کہ اس بار ہم نے اپنی بزم روٹین سے ذراہٹ کر کچھ مختلف ہلکے پُھلکے،کیژول سے پیراہنوں سے مرصّع کی ہے۔ذرا دیکھیے،سُرخ، سیاہ اور سفید رنگوں کے امتزاج میں پھول دار ٹائٹس کے ساتھ پرنٹڈ شرٹ اور نیٹ میں سیاہ رنگ پیپلم کس قدر کِھل رہا ہے۔ پھر سلک فیبرک میں بیج رنگ کپری کے ساتھ پھول دار شرٹ اور باریک جارجٹ فیبرک کے شوخ نیلے فرنٹ اوپن اَپر کا انداز خاصا اسٹائلش ہے، تو ہلکے سبز رنگ کی جینز کے ساتھ سفید بیس میں ملٹی شیڈڈ پھول دار شرٹ کی جدّت و نُدرت کے بھی کیا ہی کہنے۔
بلیو جینز کے ساتھ پرنٹڈ شرٹ پر نیٹ کا اسٹائلش اَپر ہے، تو بلیو رنگ جینز ہی پر سفید رنگ قدرے چھوٹی شرٹ کے ساتھ ملٹی شیڈڈ ایمبرائڈرڈ کوٹی کے اسٹائل کا بھی جواب نہیں۔اسی طرح نیلے، سفید، گلابی رنگوں کے امتزاج میں پرنٹڈ ٹائٹس کے ساتھ پرنٹڈ ہی شرٹ پر نیٹ کے فرنٹ اوپن اَپر کی ہم آمیزی بھی کمال ہے۔ضروری نہیں کہ اَپر اور کوٹی کے یہ انداز صرف ٹی شرٹس کے ساتھ ہی اپنائے جائیں، آپ چاہیں تو انھیں عام شرٹس کے ساتھ بھی زیبِ تن کرسکتی ہیں۔
تو کہیے، آج شام کے لیے کس رنگ و انداز کا نتخاب کیاہے آپ نے…!!