اسلام آباد (مانیٹر نگ سیل، آئی این پی)ایون فیلڈ ریفرنس میں حسن اورحسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں، دائمی وارنٹ وزارت داخلہ کی جانب سے انٹر پول کو ارسال کئے گئے ہیں، وارنٹ میں دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ وارنٹ جاری ہونے کے بعد دونوں ملزمان کو باقاعدہ اشتہاری قرار دیدیا گیا ہے ۔ دریں اثناء نیب نے اثاثہ جات ریفرنس میں سینیٹر اسحاق ڈار کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا اور وزارت داخلہ کو ملزم کے ریڈ وارنٹ کے اجراءکےلئے خط لکھ دیا،وزارت داخلہ نے نیب سے مزید دستاویزات مانگ لیں۔نیب ذرائع کے مطابق نیب نے سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بیرون ملک سے گرفتار کرنے کی کارروائی شروع کر تے ہوئے اثاثہ جات ریفرنس میں سینیٹر اسحاق ڈار کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔نیب کی طرف سے سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ کے اجرا کےلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔نیب نے خط کے ساتھ ضروری دستاویزات سمیت دائمی وارنٹ اور اسحاق ڈار کی ٹریول ہسٹری بھی لگائی ہے۔ وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست کو نامکمل قرار دے کر واپس کر دیا،اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ کے اجرا کی منظوری نگران وزیر داخلہ دینگے۔