سیدمنہاج الرب
کراچی :… ملک میں جاری بے یقینی کیفیت کے باعث سوئٹزرلینڈ نے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو محدود کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کراچی میں قونصلیٹ جنرل کے آفس کوبند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قونصل جنرل آفس ذرائع کے مطابق 31دسمبر 2018کو کراچی میں سوئس قونصلیٹ کو بند کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئس حکومت نے قونصلیٹ کی جگہ کو بھی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت میں بھی گزشتہ چند برسوں کے دوران کوئی نمایاں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ کراچی میں سوئس قونصلیٹ کا بند ہونا کسی طور پر بھی اچھا اقدام نہیں ہوگا۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران پاک سوئس بزنس کونسل نے بھی دونو ں ممالک کے درمیان تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے کئی اقدامات کئے ۔ اس وقت ملک میں انتخابات کی گہما گہمی ہے جبکہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران سیاسی بے یقینی کی کیفیت نے بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے روکا ہے۔